جیکب آباد ڈاکوؤں نے مغوی زمیندار کی آزادی کے لیے ایک کروڑ روپے، آئی فون اور 2 راڈو گھڑیوں کا مطالبہ کردیا، مغوی زمیندار کی وڈیو وائرل۔


جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد ڈاکوؤں نے مغوی زمیندار کی آزادی کے لیے ایک کروڑ روپے، آئی فون اور 2 راڈو گھڑیوں کا مطالبہ کردیا، مغوی زمیندار کی وڈیو وائرل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے آر ڈی 52 تھانہ کی حدود گاؤں پیارو کھوسو سے 20 روز قبل اغوا ہونے والے کھوسہ قبیلے کی معزز شخصیت زمیندار بہرام خان کھوسو کی آزادی کے لیے ڈاکوؤں نے ورثہ سے ایک کروڑ روپے نقدی، آئی فون اور 2 راڈو گھڑیوں کا مطالبہ کردیا ہے، گزشتہ روز ڈاکوؤں نے مغوی بہرام خان کھوسو کی ویڈیو وائرل کی جس میں ڈاکوؤں نے مغوی کو زنجیروں میں جکڑا کر اس

پر بے رحمانہ تشدد کیا جارہا ہے، ڈاکوؤں کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں مغوی اپنے ورثہ سے اپیل کررہا ہے کہ میری زرعی زمین فروخت کرکے انہیں ایک کروڑ نقدی، آئی فون اور دو راڈو گھڑیاں دیکر مجھے آزاد کرایا جائے یہاں مجھے دن رات تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مغوی کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے ورثہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے مغوی کو فلفور بازیاب کرایا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، عید الاضحی کے روز لاپتہ ہونے والے دو لڑکوں کے اغوا کی تصدیق، ڈاکوؤں نے ایک لڑکے کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا دوسرے کی بازیابی کے لیے ایک کروڑ تاوان طلب۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود گاؤں فتح محمد بنگلانی کے رہائشی دولڑکوں قدیر اور نادر بنگلانی کے اغوا کی تصدیق ہوچکی ہے، اغوا کار ڈاکوؤں نے مغوی لڑکوں کے ورثہ کو ٹیلی فون کرکے بتایا کہ ان کا ایک لڑکا قتل کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے کو ایک کروڑ تاوان دیکر لے جائیں، مغوی لڑکوں کے چچا بخت علی بنگلانی نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے فون کرکے بتایا کہ ہمارے ایک لڑکے کو قتل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی بازیابی کے لیے وہ ایک کروڑ طلب کررہے ہیں ہم غریب ہیں تاوان کی رقم نہیں دے سکتے پولیس ہمارے مغویوں کی بازیابی کو یقینی بنائے، واضح رہے کہ دونوں لڑکے عیدالاضحی کے روز ٹھل سے واپس اپنے گاؤں جارہے تھے کہ لاپتہ ہوگئے تھے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں بجلی کا بحران برقرار، شہری بلبلا اٹھے، کاروبار رندگی ٹھپ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سیپکو حکام کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہری علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16 سے 20 گھنٹوں تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر کے کاروبار سمیت مشنری پر چلنے والا کاروبار مکمل ٹھپ ہوگیا ہے، شدید گرمی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سخت ترین گرمی میں بجلی کی بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی، درجہ حرارت 44سینٹی گریڈ ریکارڈ، شدت 50محسوس کی گئی، حبس کی وجہ سے عوام بے حال۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں اتوار کے روز دن شدید گرم رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 44سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گرمی کی شدت 50محسوس کی گئی، حبس کی وجہ سے عوام سخت اذیت میں مبتلا رہے، ادھر گرمی کی وجہ سے شہر کی مارکیٹیں سنسان رہیں اور لوگ گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔