صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پی ایم یو میں اہم اجلاس منعقدہوا


لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت پی ایم یو میں اہم اجلاس منعقدہوا-صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران ایئر ایمبولینس سروس اور موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کے آغاز کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار مریضوں کی سہولت کی خاطر ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ایئر ایمبولینس سروس کو فعال کرنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کے جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی سیشنز جاری ہیں۔ پنجاب کی حدود میں موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کا آغاز انشاء اللہ ایک سنہری باب رقم کرے گا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے ڈی ایچ کیوز ہسپتالوں میں ایئر ایمبولینس سروس اور موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کے حوالہ سے بریفننگ دی جا چکی ہے۔ دور دراز کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹرز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹرز خدمت خلق سمجھتے ہوئے مریضوں کے معیاری علاج و معالجہ کو یقینی بنائیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو عوام کیلئے بہترین علاج گاہیں بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سے سپیشل سیکرٹری محمد اقبال اور ایڈیشنل سیکرٹری خضر افضال اور ایمرجنسی سروسز سے محمد ایاز نے شرکت کی۔