یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گزشتہ روز مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا

لاہور (جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گزشتہ روز مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا، جس میں باٹنی، کیمسٹری، زوالوجی، انفارمیشن سائنس، ریاضی اور فزکس کے مجموعی طور پر 296 طلبہ و طالبات کو اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے تقریب تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ابرار حسین سمیت اساتذہ، طلباء اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے اسناد حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء کے لئے ڈگری کا حصول ایک لمحہ فخریہ ہوتا ہے اور ہر کسی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے اسٹیج پر بلا کر یہ اعزاز بخشا جائے تاہم وقت کی قلت اور طلباء کی کثیر تعداد کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوتا لیکن اس بار یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے یہ ایک نیا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت تمام طلباء کو ان کے والدین اور اساتذہ کے سامنے اسٹیج پر بلا کر ڈگریوں سے نوازا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور اپنے طلباء کو صرف تعلیم و تربیت ہی نہیں بلکہ عزت دینا بھی جانتی ہے اور آج کی یہ تقریب اس کا واضح ثبوت ہے۔ فارغ التحصیل طلباء اب عملی زندگی میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، جہاں صرف ان کے خاندانوں والوں کو ہی نہیں بلکہ اس ملک کو بھی ان سے بہت ساری توقعات ہیں، لہذا اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ملک و قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اندھیروں کو روشنیوں میں بدل دیں۔ تقریب کے اختتام پر طلباء نے عزت افزائی کرنے پر وائس چانسلر اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کا شکریہ بھی ادا کیا۔