بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کیس میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان عدالت میں پیش، 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کیس میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان عدالت میں پیش، 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کی جانب سے 6 روز قبل بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کئے گئے شکارپور پولیس کے 3 اہلکاروں سمیت 7 ملزمان اے ایس آئی امتیاز بھیو، پولیس اہلکار ثناء اللہ، بقا اللہ انڑو سمیت ذاکر بھیو، اختیار لاشاری، نبیل بھیو اور توفیق گجر کو انسداد دہشت گردی عدالت کی کیمپ آفیس پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت کو استدعا کی کہ ملزمان کوپولیس ریمانڈ پردیا جائے جس پر عدالت نے پولیس کی درخواست قبول کرتے ہوئے ملزمان کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے ملزمان کو مولاداد تھانہ منتقل کردیا ہے، یاد رہے کہ جیکب آباد پولیس نے 20 اپریل کو بلوچستان سے سندھ اسلحہ اسمگلنگ کرتے ہوئے ایک ویگو گاڑی اور شکارپور پولیس کی موبائل سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کرکے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرکے جیکب آباد کے مولاداد تھانہ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، واضح رہے کہ مذکورہ اسلحہ اسمگلنگ کا الزام وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر بابل بھیو کے بیٹے پر عائد کیا جارہا تھا جس پر صوبائی مشیر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہوکر معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد اور کشمور پولیس کا 2 مغویوں کی بازیابی کے لیے کچے میں ڈی آئی جی نگرانی میں آپریشن۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے کرمپور تھانہ کی حدود سے اغوا ہونے والے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے رہائشی 2 مغویوں خادم سرکی اور عامر علی سرکی کی بازیابی کے لیے جیکب آباد اور کشمور اضلاع کی پولیس نے کندھکوٹ کے کرمپور تھانہ کی حدود میں واقع کچے کے مختلف مقامات پر ڈی آئی جی پولیس لاڑکانہ ناصر آفتاب اور ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کی نگرانی میں آپریشن کیا، پولیس نے کچے کے مختلف مقامات گاؤں محمد بنگلانی، نصیر شاخ، ماندھانی کچہ، گردو کچہ، مہران خان بجارانی کچہ سمیت دیگر مقامات پر اغوا کار ڈاکوؤں کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے کئی ٹھکانوں کو مسمار کردیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز اغوا ہونے والے 3 مغویوں میں ایک مغوی بابو پہوڑ کو دودائتی کے کچے سے مقابلے کے بعد بازیاب کرالیا گیا تھا جبکہ دیگر 2 مغویوں خادم سرکی اور عامر سرکی کی بازیابی کے لیے کچے میں آپریشن کیا جارہا ہے آپریشن میں جیکب آباد اور کشمور اضلاع کی پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں اور جدید مشنری کے لیے آپریشن کررہی ہے، ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کا کہنا ہے کہ دونوں مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہے گا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد کا اسکول ٹیچر اپنے پولیس اہلکار بیٹے سمیت اغوا، ڈاکوؤں کی جانب سے مغوی کی ویڈیو جاری۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ائیرپورٹ روڈ کے رہائشی پرائمری اسکول ٹیچر سہیل احمد بروہی اپنے بیٹے جیل پولیس کے اہلکار حذیفا سمیت شکارپور سے فیضو لاڑو جاتے ہوئے غائب ہوگئے اور ایک دن کے بعد ڈاکوؤں کی جانب سے مغویوں کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں مغوی حذیفا کو زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے اور وہ اپنی بازیابی کی اپیل کررہا ہے، اس سلسلے میں مغوی سہیل بروہی کے بھائی اقبال بروہی نے بتایا کہ میرا بھائی اور بھتیجا شکارپور سے فیضو لاڑو جارہے تھے کہ غائب ہوگئے ہمیں ڈاکوؤں کی جانب سے کوئی کال موصول نہیں ہوئی البتہ ویڈیو سامنے آئی ہے۔

جیکب آباد:ایم ڈی عمرانی ۔جیکب آباد میں نوسرباز خواتین مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کے گھر سے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لوٹ کر فرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی حدود دستگیر کالونی میں 2 نوسر باز خواتین مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری کے گھر میں داخل ہوکر گھر میں موجود خواتین سے دھوکا دہی کرکے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لیکر فرار ہوگئیں، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری نے بتایا کہ 2 نوسر باز خواتین گھر میں داخل ہوئیں اور خواتین کو ہیپناٹائز کرکے نیم بے ہوش کردیا اور گھر میں موجود 16 تولا سے زائد سونا لیکر فرار ہوگئیں، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر واقع کی تفصیلات لیں تاہم نوسرباز خواتین کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے جب تک ڈاکوؤں کے سہولت کار سرداروں کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اس وقت تک امن کا قیام مشکل نظر آرہا ہے، سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے 2مئی کو کراچی میں ہونے والی عظیم الشان عوامی اسمبلی جلسے کی کامیابی کے لیے کریم بخش، مولاداد، گوٹھ شادمان، چاکر خان جکھرانی اور دیگر شہروں اور گاؤں میں عوامی رابطہ مہم کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا جے یو آئی کا عوامی اسمبلی جلسہ فراڈ الیکشن، قبلہ اول کے تحفظ، ختم نبوت کی چوکیداری اور سندھ میں ڈاکو راج کے خلاف مزار قائد کراچی میں ہور رہا ہے جس میں مولانا فضل الرحمن اہم خطاب کرینگے، انہوں نے کہا کہ سرداری نظام ہی سندھ میں ڈاکوؤں کا سہولت کار بنا ہوا ہے بدامنی اور دیگر کرائم میں انتظامیہ، سردار اور حکومت میں بیٹھیلوگ ملوث ہیں ڈاکو راج نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ہے ان کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔