صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں چھٹی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے مقامی ہوٹل میں چھٹی وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹریز زاہدہ اظہر، ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، عثمان خالد، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ڈپٹی سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھورنے شرکت کی۔کانفرنس میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عارف، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر، سی ای او میؤ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر احسن نعمان و دیگر پرنسپلز نے شرکت کی۔کانفرنس میں ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر ٹیپو سلطان، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر سعید خان، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر معین، ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ندرت، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ایم ایس میؤ ہسپتال ڈاکٹر فیصل مسعود، ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر سید محسن علی شاہ، ایم ایس سید مٹھا ہسپتال ڈاکٹر کاشف ورک، ایم ایس شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر فریاد و دیگر نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کانفرنس کے دوران سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے چھٹی وائس چانسلرز کانفرنس کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ کانفرنس کے دوران تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ہر ٹیچنگ ہسپتال کے سربراہ میں لیڈر کی خصوصیات ہونی چاہئیں۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلیمان رفیق نے کہاکہ امراض قلب اور کینسر کے مریضوں کیلئے سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر کیئر بنائے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبہ کی بہتری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہاں بیٹھے تمام وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کو آٹومیشن پر لے جانا چاہتے ہیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں خرابیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کر رہے ہیں۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں کرپشن پر زیرو ٹولرنس ہوگا۔ وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس حضرات ہسپتالوں میں کرپشن کی نشاندہی کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے میں کوتاہی پر کمپنیوں کو بلیک لسٹ کریں گے۔خواجہ سلیمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کو شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ہر طبی درسگاہ میں ٹیلی میڈیسن کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہاکہ پنجاب کے کسی سرکاری ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ ہسپتالوں کے سربراہ مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ پنجاب کے نرسنگ کالجز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ علی جان خان نے کہاکہسرکاری ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل اور نان بائیو میڈیکل سامان کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

=========================
لاہور () یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں ترقی،کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگزکی تازہ ترین فہرست کے مطابق یو ای ٹی رواں سال 791-800 کی حد تک پہنچ گئی ہے، جو کہ 2023 میں 801-1000 نمبر پر تھی۔ یو ای ٹی لاہور نے، 1500 عالمی یونیورسٹیوں جبکہ 14پاکستانی نامزدیونیورسٹیوں میں سے، تعلیمی معیارات کو بلند کرنے اور انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی معروفیت کو مضبوط بنانے کی لگن کے ساتھ قابل ذکر پیشرفت کی ہے۔یو ای ٹی لاہور نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز بائے سبجیکٹ میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں، یو ای ٹی لاہور نے پاکستان کی 14 یونیورسٹیوں میں سرفہرست رہتے ہوئے، 236ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جو کہ پچھلے سال کی 279ویں پوزیشن سے 43 مقامات کی بہتری ہے۔ اس کے علاوہ، کیو ایس ایشیا یونیورسٹیز رینکنگ میں یو ای ٹی لاہور نے اپنی گزشتہ سال کی 179ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
تازہ ترین کیو ایس رینکنگ کے اعداد و شمار کے مطابق، یو ای ٹی نے 2023 کے مقابلے میں اپنے سبجیکٹ کے لحاظ سے عالمی درجہ بندی میں کافی بہتری کی ہے:رواں برس یو ای ٹی الیکٹریکل اور الیکٹرانک انجینئرنگ میں 201-250 نمبر پر ہے جبکہ گزشتہ سال 251-300 کے نمبرپر تھی اسی طرح مکینیکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن سسٹم میں گزشتہ برس کی طرح 251-300 اور 401-450 نمبر پر ہی رہی۔یو ای ٹی نے ریاضی کے ڈومینز میں 501-550 کی رینکنگ کے ساتھ، بزنس اینڈ مینجمنٹ اسٹڈیز میں 601-620 کی رینکنگ، اور فزکس اور فلکیات میں 601-640 کی رینکنگ رینج کے ساتھ پہلی بار رینکنگ حاصل کی ہے۔
رینکنگ میں UET لاہور کا قابل ستائش اضافہ STEM میں عمدگی اور جدت طرازی کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک سرکردہ ادارے کے طور پر اس کی ساکھ کو مستحکم کیا گیا ہے۔یو ای ٹی لاہور کی یہ ترقی اس کی تعلیمی شانداری اور جدت طرازی کی سمت میں عزم کی عکاسی کرتی ہے، جو اسے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک معروف تعلیمی ادارہ بناتی ہے۔
===============
پنجاب یونیورسٹی کا133 واں جلسۂ عطائے اسناد 14مئی2024 بروزمنگل کومنعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز اور کانووکیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کو یونیورسٹی کے 133ویں جلسۂ عطائے اسناد کے کامیاب انعقاد کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے عہدیداران کوجلسۂ عطائے اسناد کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
===============

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب آئی ٹی بورڈ نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے انٹرمیڈیٹ طلباء و طالبات کے امتحانات سے متعلق خدشات کو دور کرنے اور شکایات کے اندراج کیلئے BISE ایگزامینیشن کمپلینٹس پورٹل متعارف کرایا ہے۔ امتحانات سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں طلباء و طالبات اور والدین https://complaints.bise.punjab.gov.pk/ پر آن لائن شکایات فارم فل کر کے بآسانی اپنی شکایات جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد شکایت کو متعلقہ بورڈ کو بھیج دیا جائے گا اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آن لائن پورٹل کے علاوہ شکایت کنندگان ہیلپ لائن 2020-11-111-042 پر صبح 8 سے رات 8 بجے تک براہِ راست کال کرکے بھی شکایات درج کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلباء و طالبات کو سہولت فراہم کرتے ہوئے پنجاب بھر کے امتحانی مراکز میں شکایات کو کم کرنا ہے۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امیدواروں کی کامیابی مسلم لیگ ن پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ مریم نواز نے پہلے ہی مہینے میں عوام کی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مختلف شعبوں کی اصلاحات کر کے عوامی سہولیات میں اضافے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خدمت کے منشور کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ایوان میں تعلیم کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی امور کے ساتھ ساتھ تعلیمی مسائل کا حل بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں اراکین اسمبلی تعلیم کے سپاہی کے طور پر صوبے کی تعلیمی ترقی کیلئے ایوان میں اپنا اپنا کردار لازماً ادا کریں۔ رانا سکندر حیات نے شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب حکومت طلبہ اور اساتذہ کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے۔ اساتذہ کیلئے سکوٹی سکیم اور طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے بے شمار اہم اقدامات جلد سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ایک مثالی حکومت کے طور پر پہلے بھی متعارف رہی ہے، اب بھی اسی ویژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں لیگی امیدواروں کی کامیابی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بے شمار چیلنجز درپیش ہیں لیکن عوام کو کسی مرحلہ پر بھی مایوس نہیں کریں گے۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر)کراچی اور لاہور میں ایرانی صدر آمد کے موقع پر 23 اپریل بروز منگل کو پرائیویٹ سکولز بوجہ تعطیل بند رہیں گی اس حوالے سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدرکاشف مرزا نے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن کےمطابق ایرانی صدرابراہیم رئیسی کی 23اپریل کوکراچی اور لاہورآمدپر تمام پرائیویٹ سکولز میں عام تعطیل ہوگی جبکہ
دیگر ملک پرائیویٹ سکولز شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے.