علی ظفر کا عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کیساتھ پہلا سرائیکی گانا ریلیز

پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے مداحوں کو عید کا تحفہ دے دیا۔

علی ظفر نے اپنے وعدے کے مطابق چاند رات کو لیجنڈری گائیک عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ اپنا پہلا سرائیکی گانا ’بالو بتیاں‘ ریلیز کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر گلوکار نے اس گانےکی مختصر ویڈیو شیئر کی اور مداحوں کو عید کا تحفہ پیش کیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے درخواست بھی کی اس گانےکو گاڑی اور گھروں میں تیز آواز کے ساتھ چلائیں اور اس پر رقص کی ویڈیوز انہیں ارسال کریں۔
علی ظفر نے مذکورہ پوسٹ میں لیجنڈی گائیک عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی صاحب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لیجنڈ عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی صاحب کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہم نے اس گانے ’بالو بتیاں‘ کو دل سے پیش کیا ہے، یہ گانا ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کرتا ہے جس کی محبت کی قدر نہیں کی جاتی، وہ یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ اس کی محبت اصلی سونے جیسی خالص ہے۔

علی ظفر نے عطاء اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ اس اشتراک کو اپنے دل سے قریب تر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پاکستان کے ناقابلِ یقین ثقافتی، لسانی اور فنی خزانوں کو نمایاں کرنے کے حوالے سے جاری ان کے مشن کی توسیع ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ یہ اقدام دنیا بھر میں پاکستانی ثقافت اور زبانوں کو اجاگر کرنے کے ہمارے اجتماعی سفر میں ایک اہم قدم ہے، جو اس بات کی نمائندگی کرتا ہے کہ ہمارا شاندار ورثہ وقت کے ساتھ ناصرف پھل پھول رہا ہے بلکہ یہ نئی نسلوں کی توجہ بھی حاصل کر رہا ہے۔

گلوکار نے یک جہتی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ موسیقی کو حدود سے تجاوز کرنے دیں اور ہمیں اس کے ذریعے متحد ہونے دیں جو کوئی دوسرا نہیں کر سکتا۔