طلعت حسین شدید علیل، اہلِ خانہ نے دعاؤں کی اپیل کردی

عالمی شہرت کے حامل پاکستانی فنکار طلعت حسین شدید علیل ہوگئے۔ علالت کے باعث وہیل چیئر استعمال کرنے پر مجبور ہیں، اہل خانہ نے دعاؤں کی اپیل کردی۔

نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے طلعت حسین کے اہل خانہ نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی اور بتایا کہ شدید سگریٹ نوشی کی وجہ سے سینئر اداکار کے پھپھپڑے کم زور ہوگئے ہیں۔ ان کے پھپھپڑوں میں پانی بھر جاتا ہے، جس کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔

ان کے اہل خانہ کے مطابق اداکار کئی مرتبہ گھرکے باتھ روم میں گر پڑے اور اب مجبوراً وہیل چیئر استعمال کر رہے ہیں۔

اداکارہ تزین حسین کس لیجنڈری اداکار کی بیٹی ہیں؟

تھیٹر، ریڈیو، ٹی وی اور فلم کے نامور فن کار طلعت حسین کی شریکِ حیات رخشندہ طلعت کا کہنا ہے کہ ان دنوں ہم بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کوئی دِن اچھا گزرتا ہے تو کوئی دِن بہت بُرا گزرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ طلعت صاحب کا اسپتال سے زیادہ گھر میں خیال رکھا جاسکتا ہے۔

رخشندہ طلعت نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم بہت خوددار لوگ ہیں، حکومت سے مدد نہیں مانگیں گے، اگر کسی ثقافتی ادارے نے مدد کرنی چاہی تو اسے منع نہیں کریں گے کیوںکہ ہم کوئی ارب پتی لوگ نہیں ہیں۔ علاج معالجے پر بے انتہا پیسا خرچ ہورہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ طلعت صاحب نے ساری زندگی اپنے فن کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ اب سرکاری اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان کا خیال رکھے۔

تزین حسین نے والد طلعت حسین کے ہمراہ نئی تصویر جاری کردی

واضح رہے کہ صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار طلعت حسین نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت برطانیہ سے حاصل کی، وہ 1972ء سے1977ء تک لندن میں مقیم رہے۔ ’لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ‘ سے اداکاری کے شعبے میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز ’ٹریفک‘ میں لاجواب اداکاری کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے بالی ووڈ میں فلم ’سوتن کی بیٹی‘ میں عمدہ پرفارمنس دی۔ اس فلم میں جیتندر اور ریکھا کے مدمقابل ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔ ان کے مقبول ٹی وی ڈراموں میں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔

1970ء میں فلم ’انسان اور آدمی‘ میں اداکار محمد علی اور زیبا کے بیٹے کا کردارنبھایا۔ انہیں فلم ’گمنام‘ میں ڈاکٹر کے روپ میں پسند کیا گیا، زندگی کی پانچ دہائیاں فن کے نام کرنے والے قابل فن کار طلعت حسین کو آج مداحوں کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC