نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے گنگارام ہسپتال میں جدیدآرتھو سکوپی اینڈ سپورٹ کلینک کا افتتاح کیا۔

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے گنگارام ہسپتال میں جدیدآرتھو سکوپی اینڈ سپورٹ کلینک کا افتتاح کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر کے صدارتی ایوارڈ کیلئے نامزد اور پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد کا ایچ ای سی کی جانب سے بیسٹ ٹیچر کا اعزاز حاصل ہونے پر منعقدہ اعزازی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی۔اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم، ڈینز، پروفیسرز، ایم ایس ڈاکٹر عامر سلیم اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ گنگارام ہسپتال کے آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گنگارام ہسپتال میں آرتھو اینڈ سپورٹ کلینک کا آغاز انتہائی خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ پاک نے خدمت انسانیت سے بڑا کوئی جذبہ نہیں رکھا۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی بہتری مجھے بہت عزیز ہے۔ہماری ساری کاوشوں کے نتیجے میں مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات حاصل ہونی چاہئیں۔ گنگارام ہسپتال میں آرتھو اینڈ سپورٹ کلینک کے آغاز پر مجھے وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور ان کی ٹیم پر فخر ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب میں انسانیت کے دشمن اتائیوں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں۔ سپورٹس انجری کے علاج کی بجائے سپورٹ انجری کی وجوہات پر قابو پانا زیادہ اہم ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروفیسر بلقیس شبیر اور پروفیسر کامران خالد پاکستان اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے قابلِ فخر ہیں۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کو شاباش دی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہوا ہے۔ وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق ہیلتھ انفارمیشن میں ڈگری پروگرام شروع کررہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ پروفیسر بلقیس شبیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں دکھی انسانیت کی بڑی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر اور پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد نے امتیازی مقام حاصل کرکے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔
===========================