نگران وزیراعظم کا مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا،میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے،انوار الحق کاکڑ


نگران وزیراعظم کا مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ
معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا،میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے،انوار الحق کاکڑ

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت تیز ہو گئی،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام شخصیات کے پروفائل کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ مختصر کابینہ رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا۔
میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے،عوام کو مشکلات ہوں اور نہ ہی اخراجات زیادہ ہوں۔ جبکہ نگران وفاقی کابینہ میں شامل متوقع ارکان کے نام سامنے آ گئے۔ نگران کابینہ کیلئے بڑی وزارتوں وزارت خارجہ، وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ سمیت دیگر کے قلمدان سونپنے کیلئے مشاورت بھی شروع کر دی گئی۔

سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کو وزیر خارجہ، ڈاکٹرشعیب سڈل وزیر داخلہ، احسن بھون کو وزیر قانون، ڈاکٹرحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ اور گوہراعجاز کو وزیر صنعت کے قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح سرفراز بگٹی اور ذوالفقار چیمہ کو بھی نگران کابینہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھایا تھا،نگران وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جس میں شہباز شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے عہدے کا حلف لیا۔ قبل ازیں انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سمری پر صدر مملکت عارف علوی نے دستخط کئے تھےمشہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان ملاقات میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہوا تھا۔
==========================