قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں ، اتحاد کی طاقت سے تمام مشکلات کو زیر کیا جا سکتا ہے، پروفیسر نگت نثار

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر نگت نثار نے کہا ہے کہ قوموں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں لیکن اتحاد کی طاقت سے تمام مشکلات کو زیر کیا جا سکتا ہے، پاکستانی قوم کو بھی اپنے اتحاد کے ذریعے ہی مشکل وقت سے نکلے گی اور آنے والا ایک اچھا وقت ہمارا منتظر ہے۔ یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کے معین آڈیٹوریم میں ملی نغموں اور خاکوں کے مقابلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ 76 ویں جشن آزادی پر ہمیں بار بار اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ڈاؤ لٹریچر اینڈ ڈیبیٹنگ سوسائٹی کو اس کی کاوشوں پر مبارکباد بھی پیش کی۔ رجسٹرار ڈاؤ یونیورسٹی ڈاکٹر اشعر آفاق نے کہا کہ پاکستان کے لیے مل جل کر محنت کریں اور قوم کو مایوسی سے نکالیں، اس ہی کے نتیجے میں پاکستان ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملی نغموں میں طلبا و طالبات کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئی ہیں، طلبہ کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مزید مواقع بھی دیے جائیں گے ل۔ تقریب میں مختصر وقت کے لیے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے بھی شرکت کی اور طلبا و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے خاکوں اور ملی نغموں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں ملی نغموں میں پہلی پوزیشن سدرہ دوسری پوزیشن صوفیہ اور تیسری پوزیشن لینے طحہٰ کو بالترتیب شیلڈز دی گئیں۔جبکہ خاکوں میں پہلی پوزیشن اسامہ علی اور دوسری پوزیشن لینے والی عائشہ جمیل کو شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر معین آڈیٹوریم کا گراؤنڈ اور فرسٹ فلور طلبا و طالبات سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے اور سارا وقت شرکاء تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔