سروسز ہسپتال کے بعد گنگا رام ہسپتال میں انتظامیہ کی ناا ہلی کے باعث آپریٹنگ تھیٹروں کو بجلی کی سپلائی دن بھر معطل رہنے سے ڈاکٹروں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر سیکرٹری صحت علی جان نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی


لاہور( مدثر قدیر )سروسز ہسپتال کے بعد گنگا رام ہسپتال میں انتظامیہ کی ناا ہلی کے باعث آپریٹنگ تھیٹروں کو بجلی کی سپلائی دن بھر معطل رہنے سے ڈاکٹروں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر سیکرٹری صحت علی جان نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی اور دوسری جانب سرگنگا رام ہسپتال کی انتظامیہ اس نااہلی کو پیرا میڈکس پر ڈالنے کو تیار جبکہ اس حوالے سے اسٹاف ایم ایس آفس کو مطلع کرچکا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر آپریشن کر رہے تھے اور انہیں طریقہ کار مکمل کرنے کے لیے ٹارچ اور دیگر طریقے استعمال کرنے پڑے۔ایک ویڈیو کلپ جس میں سرجنوں کو مدھم روشنی میں آپریشن کرتے دکھایا گیا جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔اس واقعہ نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو برہم کردیا جنہوں نے نوٹس لیتے ہوئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تفصیلی انکوائری کے

لیے سینئر افسران کی ایک ٹیم کو اسپتال بھیجا ۔دوسری جانب پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد ارشد بٹ نے کہا ہے کہ سرگنگا رام ہسپتال کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ لائٹ کا ایشو ہو یا کوئی معاملہ افسران خود کو بچانے کے لئے سارا ملبہ چھوٹے ملازمین پر ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگنگارام میں جرنیٹر کی خرابی سے متعلق ایم ایس اور دیگر متعلقہ انتظامیہ کو بار بار بذریعہ تحریر مطلع کیا جاتا رہا مگر اس کے باوجود ایم ایس گنگا رام سمیت متعلقہ انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ گزشتہ روز جب لائٹ بند ہونے کا ایشو بنا تو سارا ملبہ پیرامیڈیکس پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی درخواست لکھی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب پیرامیڈیکس کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جس کی ذمہ داری ہو تحقیقات کر کے ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ افسران خود کو بچانے کے لئے چھوٹے ملازمین کونشانہ ہرگز نہ بنائیں۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر لائحہ عمل طے کیا گیا کہ اگر پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ زیادتی و ظلم کیا گیا تو اس ہسپتال کی انتظامیہ سمیت محکمہ صحت کے افسران کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
============================