پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ملک کی فیصلہ سازی میں یکساں شراکت کا مطالبہ کر رہی ہے۔

کراچی (21 جون 2023) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ملک کی فیصلہ سازی میں یکساں شراکت کا مطالبہ کر رہی ہے۔ صفا یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل، جس کا نقطہ نظر عالمی رجحانات سے تشکیل پاتا ہے، اور جو عالمی معلوماتی پیش رفت سے آنے والے انقلاب سے متاثر ہے، ایسی حکومت کا مطالبہ کر رہی ہے جو اپنے شہریوں سے براہ راست اور خلوص سے بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ نسل میرٹ، کارکردگی اور شفافیت کی متقاضی ہےاور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قوم کو بیشمار چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں بے قابو مہنگائی،


گہرا ہوتا ہوا معاشی بحران، آمدنی میں بڑھتی ہوئی عدم مساوات، پولرائزیشن اور معاشرے میں تقسیم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان چیلنجوں سے ڈرایا جا سکتا ہے یا ہمیں ان پر قابو پانے کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں کو کبھی بھی چیلنجز سے ڈرایا نہیں جاسکتا، بلکہ ہم ان پر قابو پالیں گے، کیونکہ ہمارے پاس ناکامی کا آپشن ہی نہیں ہے۔ پاکستان کے اب تک کے سب سے نوجوان وزیر خارجہ نے ملک کے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ ہمارے درمیان نفرت کے بیج بونے کی کوشش سب سے خطرناک عمل ہے۔ زہریلا پولرائزیشن، تشدد پر اکسانا، بدتمیزی ہمیں اس حقیقی کام سے ہٹانے کے لیے بنائے گئے ہیں کہ جسے مِل جُل کر پایئہ تکمیل پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔ آپ کا کردار اولین صفوں میں قیادت والا ہے، آپ اپنی تقدیر اور اس ملک کی تقدیر کے نگہبان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو مسترد کیا ہے اور ہمیشہ مفاہمت اور عوام کی فلاح و بہبود کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہماری سیاست ایک دوسرے سے لڑنے اور پارٹیاں یا ادارے ایک دوسرے کے خلاف لڑنے کے گرد گھومتی رہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی سیاست غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی سے لڑنے کی ہونی چاہیے، قوم کو دنیا سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی دنیا مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی دنیا ہے۔ ہمیں ایک جدید، جامع اور جمہوری پاکستان بنانے کی ضرورت ہے، اور یہ وہ ذمہ داری ہے جو ہم سب پر عائد ہے۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ امید ہیں، آپ نہ صرف مستقبل ہیں بلکہ آپ حال بھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں چند ایسے لوگ بھی ہیں جو آپ کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، جو غصہ، ناامیدی اور تشدد کا چورن بیچنا چاہتے ہیں۔ آپ ایسے لوگوں کو مسترد کریں، کیونکہ وہ آپ اور اس ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ پی پی پی نے چیئرمین کہا کہ تہذیب کو سفاکیت پر غالب آنا چاہیے، عقل اور علم کو جہالت پر غالب آنا چاہیے، بھائی چارے کو تقسیم پر غالب آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی امید اور یقین نہیں کھویا۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان ہے، پاکستان، جمہوریت اور پاکستان لے نوجوانوں کی طاقت پر یقین ہے۔
================