شہدا نے ہماری حفاظت کو اپنے والدین، آل اولاد پر مقدم رکھا، ڈاکٹر سروش لودھی جامعہ این ای ڈی کے یونی ورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسٹنٹس کے زیرِاہتمام تکریم شہداۓ پاکستان کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

کراچی ()جامعہ این ای ڈی کے یونی ورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسٹنٹس کے زیرِاہتمام تکریم شہداۓ پاکستان کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نےکی۔ معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل سمیت دیگر مقررین نےاس سیشن سے خطاب کیا۔ جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوۓ پروفیسر ڈاکٹر فاروق حسن کا کہنا تھا کہ سید الشہدا امیر حمزہ اور امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی مثل کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے شہادت کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوۓ کہاکہ مظلومیت کی موت شہادت کا درجہ رکھتی ہے اور شہید کو ہرگز مردہ شمار نہ کیا جاۓ۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوۓ آئی جی سندھ پولیس(ریٹائرڈ) ڈاکٹر سرور جمالی اور پاکستان نیوی کے کموڈور(ریٹائرڈ) اکبر نقی نے ایک جانب شہدا کی قربانیوں کا ذکر کیا تو دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ پولیس، فوج اور دوسرے سکیورٹی ادارے دن رات جاگ کر آپ کی خدمت کررہے ہیں، تو ان کی کوششوں کو سراہنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ اس موقعے پر شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے نوجوانوں کی فکری تربیت کرتے ہوئے اس جانب توجہ مبذول کروائی کہ شہدا وہ ہیں جوکہ ہماری حفاظت کو اپنے والدین اور آل اولاد پر مقدم رکھتے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ شہدا کے خانوادوں کے لیے جو بھی انفرادی حیثیت میں کیا جاسکتا ہے وہ کریں۔ ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کا اختتامی کلمات ادا کرتے ہوۓ کہنا تھا کہ معاشرے کی درست سمت میں رہنمائی کی اشد ضرورت اسی مقصد کے تحت جامعہ میں یوم تکریم شہدا پر سمینار منعقد کیا گیا۔ اس موقعے پر انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
===========================