دیوان یونیورسٹی کانووکیشن – اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے اقدامات پر جامعہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے

کراچی ( مارچ17) گورنر سندھ نے شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے معماروں سے مل کر اطمینان محسوس ہوتا ہے ، کیونکہ یہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا قابل فخر سرمایہ ہیں، انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں، آپ اپنی خداداد صلاحیتوں سے وطن عزیز کی دل وجان سے آبیاری کریں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آپ اپنے گھر والوں کی کفالت اور دیگر کو بھی آگے بڑھنے میں ضرور مدد کریں، یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کمزور کو تھام کر انہیں بھی اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے میں مدد کریں اور اس حوالے سے اسلام بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے۔ کامیابی کا سہرا والدین اور اساتذہ کے سر جاتا ہے ، کیونکہ اس میں ان کی شب و روز کی محنت شامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے ، جس نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں انتہائی اقدامات کو یقینی بنایا، انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کل آبادی کا 64 فی صد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کو اعلیٰ تعلیم اور مہارت دینا ہوگی، اس ضمن میں دیوان یونیورسٹی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کا اہم ترین فریضہ انجام دے رہی ہے۔ بعدازاں گورنر سندھ نے کامیاب نوجوانوں میں اسناد تقسیم کئے۔
=========================