سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سرکاری و نجی جامعات کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ماہرین اور ایگزیکٹوز کے دو روزہ تربیتی سیشن کا آغاز 14؍ مارچ 2023ء سے سندھ مدرسۃ السلام یونیورسٹی کراچی میں منعقد ہو رہا ہے۔

کراچی ( ) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سرکاری و نجی جامعات کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ماہرین اور ایگزیکٹوز کے دو روزہ تربیتی سیشن کا آغاز 14؍ مارچ 2023ء سے سندھ مدرسۃ السلام یونیورسٹی کراچی میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کیو ای سی کے ماہرین کو تربیت دے کر انہیں ضروری سند (سرٹیفکیشن) فراہم کی جا سکے۔ چار حصوں پر مشتمل پروگرام کا پہلا ماڈیول تین روز پر مشتمل تھا جو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا تھا۔ اس سیشن کے اسائنمنٹس اور انٹر ا یکیٹو سرگرمیوں میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو دوسرے حصے (ماڈیول) میں مدعو کیا جا رہا ہے۔ 14؍ مارچ سے شروع ہونے والا یہ ماڈیول کل وقتی ہوگا۔ سیشن کیلئے 60؍ سے زائد پروفیشنلز شرکت کریں گے۔ تربیتی سیشن کیلئے کوالٹی انہانسمنٹ اور کوالٹی اشورنس کے تجربہ کار ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جن میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالواحد عثمانی اور پروفیسر ڈاکٹر حنا کاظمی شامل ہیں۔ دوسرے سیشن کے حوالے سے اپنے بیان میں سندھ ایچ ای سی کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سید طارق رفیع نے کہا ہے کہ بہترین تعلیم کی فراہمی کیلئے ضروری ہے کہ جامعات کا معیار بہتر ہو اور اسی مقصد کے حصول کیلئے سندھ ایچ ای سی مختلف اوقات میں سرکاری و نجی جامعات کیلئے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جہاں ریسرچ کے شعبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے وہیں جامعات کے دیگر معاملات میں بھی بہتری لانے کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ معیار کی بہتری کیلئے یہ تربیتی پروگرام شروع کیا گیا تھا جو مختلف جامعات کے پروفیشنلز کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے تمام شعبہ جات میں بہتری کیلئے سندھ ایچ ای سی ہر ممکن تعاون اور مدد کیلئے تیار ہے۔ اس حوالے سے سندھ ایچ ای سی کے سیکریٹری معین الدین صدیقی نے کہا ہے کہ جامعات میں تعلیم کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ جامعات کا اپنا معیار بھی بہتر رہے اور اسی مقصد کے تحت سندھ ایچ ای سی نے یہ پروگرام شروع کیا ہے اور اس پروگرام کے پہلے ماڈیول میں بڑی تعداد میں پروفیشنلز کی شرکت نے یہ ثابت کیا ہے کہ جامعات خود بھی اپنے معیار کو بلند کرنے میں کس قدر دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے سیشن کے انعقاد سے اس میں شرکت کرنے والے پروفیشنلز کو نہ صرف اپنے شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ماہرین کے ساتھ نیٹ ورکنگ کا موقع ملے گا بلکہ ان کی اپنی پیشہ ورانہ استعداد میں بھی مزید نکھار آئے گا۔ دوسرے ماڈیول کے منتظم اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس پروفیسر سلیم الدین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ ایچ ای سی نے ریسرچ اور معیار میں بہتری کیلئے جو مسابقتی فریم ورک اور پالیسی مرتب کی ہے اس کے تحت کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹرز اور پروفیشنلز کو جدید خطوط پر استوار تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور اس طرح کے سیشنز میں ان تمام معیارات کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جا رہا ہے جو ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مرتب کردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں معیار کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ جامعات کی انتظامیہ اور کیو ای سی ڈپارٹمنٹ کے درمیان بہتر رابطہ کاری رہے اور کیو ای سی کے تجاویز کے مطابق معیار میں بہتری لائے جائے، اس سے نہ صرف جامعات کی رینکنگ بہتر ہوگی بلکہ تعلیم اور تحقیق کے ساتھ انڈسٹریلائزیشن اور کمرشلائزیشن کا معیار بھی بلند ہوگا۔
==========================