الخدمت فاونڈیشن کے تحت قدرتی آفات میں دکھی انسانیت کے لٸےگرانقدر خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کے اعزاز میں عبدالوالی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں“والنٹیئرز کنونشن” کا انعقادکیا گیا

لاہور (جنرل رپورٹر ) الخدمت فاونڈیشن کے تحت قدرتی آفات میں دکھی انسانیت کے لٸےگرانقدر خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کے اعزاز میں عبدالوالی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں“والنٹیئرز کنونشن” کا انعقادکیا گیا۔ کنونشن میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدرڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ، الخدمت خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص، ضلعی صدر پیر مسعود جان، رضاکاروں اوردیگر ذمہ داران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں دن رات خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا والنٹیرازم کی طرف بڑھتا ہوا رجحان خوش آئند ہے۔ سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ایسی تقریبات ہماری نوجوان نسل کی راہنمائی اور حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار 35 ہزار سے زائد والنٹیرزالخدمت کے شانہ بشانہ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں جبکہ ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ خالد وقاص کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصدخدمت خلق کے جذبہ سے سرشار نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اوریہ بتانا تھا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں رہتے ہوئے کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر آٹھ سو سے زائد افراد نے الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار کی حیثیت سے حلف اٹھایا کہ وہ خدمت خلق کو اپنی زندگی میں ترجیح دیں گے اور الخدمت کے ہر اول دستے کے طور پر خدمات سر انجام دیں گے۔ تقریب کے اختتام پر سیلاب زدہ علاقوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینےوالے رضاکاروں کوایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔