ٹام کروز نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز نے اپنے شاندار فلمی کیریئر کے لیے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ٹام کروز کو’دی پروڈیوسرز گلڈ آف امریکا ایوارڈز‘ میں’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔

ایوارڈز کی تقریب میں مقررین نے گزشتہ موسم گرما میں بلاک بسٹر فلم ’ٹاپ گن: میورک‘ جیسی زبردست فلم ریلیز کرکے وبائی مرض کورونا وائرس سے متاثرہ فلم انڈسٹری کے کاروبار کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اداکار کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ٹام کروز نے اپنا ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ قبول کرتے ہوئے ٹی وی اور فلم کے تمام پروڈیوسرز کے کام کو سراہا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ جو کچھ کرتے ہیں اسے کرنے کے لیے کس چیز کی ضرورت ہے، یہ سب کچھ صرف قسمت سے نہیں ملتا بلکہ آپ کو اپنی قسمت بنانی بھی پڑتی ہے اور میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں یہاں آپ سب کے لیے ہمیشہ موجود ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اس شعبے اور فن میں اپنا حصّہ ڈالنے اور اس کی مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا کیونکہ مجھے اس سے محبت ہے۔
یاد رہے کہ 60 سالہ ٹام کروز نے فلم ’رسکی بزنس‘، ’کاک ٹیل‘، ’اے فیو گڈ مین‘ اور ایسی ہی کئی دیگر فلموں سے شہرت حاصل کی۔

اداکار نے فلم انڈسٹری کے لیے کئی زبردست فلمیں پروڈیوس بھی کی ہیں، جن میں فلم ’وینیلا اسکائی‘،’دی لاسٹ سامورائی‘، ‘مشن: امپاسبل‘ اور ’میورک‘ شامل ہیں، ان فلموں نے دنیا بھر سے تقریباً 1.5 بلین ڈالرز کمائے ہیں۔