گورنر سندھ کا جے ڈی سی روزگار اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں کی تقسیم کی منعقدہ تقریب سے خطاب

کراچی ( فروری 24 ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جو کام ریاست کو کرنا چاہئیں، وہ جے ڈی سی ، سیلانی، عالمگیر، دعوت اسلامی اور دیگر ادارے سرانجام دے رہے ہیں، سندھ کے سیلاب متاثرین کی مدد، ترکیہ، شام کے زلزلہ زدگان کے لئے امداد جمع کرنے میں جے ڈی سی نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں جے ڈی سی روزگار اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں کی تقسیم کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس اور کراﺅن گروپ کے سربراہ فرحان حنیف بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بچوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کرنے میں بھی جے ڈی سی نے نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں جے ڈی سی اور دیگر این جی اوز معاشرے کی بھرپور انداز میں خدمت کرر ہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اداروں پر مخیر حضرات کا بہت زیادہ اعتماد ہے، اور اس اعتماد کے باعث یہ ادارے مختلف شعبہ جات میں عوام کو سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جے ڈی سی کے تعاون سے بے روزگار نوجوانوں کو ٹرانسپورٹ کے لئے موٹر سائیکلیں فراہم کرنا قابل تعریف اقدام ہے، جے ڈی سی کے اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے نوجوانوں کو اپنی سواری میسر آسکے گی جبکہ نوجوان ان موٹرسائیکلوں سے مختلف شعبوں میں روزگار تلاش کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے تقریب کے انعقاد میں تعاون پر کراﺅن گروپ اور اس کے سربراہ فرحان حنیف کا شکریہ ادا کیا۔
جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے کہا کہ نوجوانوں کو موٹر سائیکلوں کے ساتھ پانچ ہزار روپے بھی فراہم کئے جارہے جس سے وہ استعمال شدہ موٹر سائیکلوں کو مزید بہتر کرسکیں گے۔ کراﺅن گروپ کے سربراہ فرحان حنیف نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 100 استعمال شدہ موٹر سائیکلیں نوجوانوں کو فراہم کی جارہی ہیں جس سے نوجوان مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع حاصل کرکے اپنے خاندان والوں کی کفالت کرسکیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی گورنر سندھ کی سرپرستی میں جاری رہے گا۔
==========================