آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز ملتان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کے فین نکلے


ممتاز صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی کی دعوت پر آسٹریلین ہائی کمشنر اور پولیٹیکل سیکرٹری کا دورہ ملتان
آسٹریلین ہائی کمشنر نے رومی فیبرکس کا دورہ کیا اور ٹیکسٹائل مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا
ملتان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا معیار دنیا کی بہترین ٹیکسٹائل میں کیا جا سکتا ہے، آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز
جدت اور بہتری لانے کیلئے آسٹریلیا کی زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، خواجہ جلال الدین رومی
آسٹریلوی ہائی کمشنر اور پولیٹیکل سیکرٹری کا رومی فیبرکس کا دورہ،جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا
ملتان 10 فروری: آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز ملتان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کے فین نکلے۔ ملتان اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے سابق صدر و ممتاز صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی کی دعوت پر ملتان کے دورے کے دوران آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملتان میں تیار ہونے والی مصنوعات بالخصوص رومی فیبرکس کی مصنوعات کے معیار کو سراہا اور انہیں عالمی معیار کے مطابق قرار دیا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کاروبار اور انڈسٹری کا پوٹینشل موجود ہے۔ اسی کے پیش نظر ملتان کے صنعتکاروں کو آسٹریلیا میں ان کے شعبے سے متعلق سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ ملتان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا معیار دنیا کی بہترین ٹیکسٹائل میں کیا جا سکتا ہے۔ ممتاز صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے بتایا کہ گزشتہ 7 عشروں سے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے وابستگی ہمارے پروفیشنل ازم کا عروج ہے۔ کپاس اور دیگر زرعی اجناس میں جدت اور بہتری لانے کیلئے آسٹریلیا کی زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ خواجہ جلال الدین رومی نے مزید بتایا کہ کاروبار کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کا احساس سماجی ذمہ داری ہے، اسی لئے جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کے تحت جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کے مختلف پراجیکٹس قائم کئے گئے ہیں۔ ہسپتالو ں، ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات پر کھانا اور نادار طبقات کو راشن فراہم کیا جاتا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لائی گئیں اور متاثرین کو بروقت خشک خوراک اور ادویات فراہم کی گئیں۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے جلال الدین رومی فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستان میں آسٹریلیا کی پولیٹیکل سیکرٹری بھی موجود تھیں۔
=================