ملک معاشی بحران کا شکار، سیاستدان “اپنی اپنی ڈفلی اپنا اپنا راگ ” میں مصروف:پاسبان

پاکستان کو انگریزوں کا دیا ہوا نظام اور ان کے پشتینی غلام کھا گئے:اقبال ہاشمی
بگ تھریز مفادات کا ٹولہ ہے، ان سے نجات حاصل کئے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے
ملک کوجذباتی نعروں اور عوام کے خون کی بجائے دانشمندی اور حکمت عملی کی ضرورت ہے

کراچی( ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان سنگین معاشی بحران کا شکار ہے اور سیاستدان “اپنی اپنی ڈفلی اپنا اپنا راگ ” میں مصروف ہیں۔ عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول دوبھر ہوگیا ہے اور سیاستدان اقتدار کی ہوس میں اندھے ہوئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کو انگریزوں کا دیا ہوا نظام اور ان کے پشتینی غلام کھا گئے۔ عوام کو نئی سیاسی لیڈر شپ کی تلاش کرنی چاہیے۔ پاکستان کے مسائل بگ تھری سے نجات حاصل کئے بغیر حل نہیں ہوں گے کیونکہ یہ مفادات کے حصول کا ٹولہ ہے۔پاکستان کو جذباتی نعروں اور عوام کے خون کی ضرورت نہیں ہے بلکہ دانشمندی اور حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ موجودہ نسل کو آئندہ نسلوں کے لئے قربانیاں دینی ہوں گی۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ بگ تھریز کو پاکستان کی بقا اور سالمیت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ان سیاستدانوں کی پرورش گلے سڑے نظام نے کی ہے۔ ان کے پاس اس نظام سے باہر نکل کر سوچنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ سیاستدان اپنے آقاؤں اور اسٹیک ہولڈرز کی خوشامد اور خدمت پر قائم ہیں۔ پاکستان میرٹ کے نظام کے بغیر استحکام حاصل نہیں کر سکتا۔ ابن الوقت سڑک چھاپ سیاستدان اور موروثی دودھ پیتے بچے جنہوں نے دنیا میں کبھی سخت وقت نہیں دیکھا،یہ پاکستان کا نظام نہیں چلا سکتے۔ ہمارے بہترین دماغ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں۔ انہیں واپس لانے کیلئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے#
====================