کراچی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 2 کھلاڑی اور 2 کوچز وطن روانہ

پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے 2 کھلاڑی اور 2 کوچز کراچی سے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑی کین ولیمسن اور ٹِم ساوتھی جبکہ کوچ گیری اسٹیڈ اور جورگینسن رات گئے پولیس کے مخصوص پروٹوکول اور سخت سیکیورٹی میں کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل پہنچے۔

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اور کوچز امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 607 سے دبئی روانہ ہوئے جہاں سے وہ متبادل پرواز سے اپنے وطن جائیں گے۔

گزشتہ روز تیسرے ون ڈے میچ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم سے ہوٹل پہنچی توان افراد کی وطن واپسی شیڈول تھی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز دو ایک سے جیتی ہے۔