ماہرہ خان نے’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے سے انکار کیوں کیا تھا؟

لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر شاندار پزیرائی حاصل کر لی۔

حال ہی میں اسپیشل شو میں فلم کی کاسٹ میں شامل ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، گوہر رشید، فارس شفیع، پروڈیوسر عمارہ حکمت، ہدایت کار بلال لاشاری اور مصنف ناصر ادیب نے شرکت کی۔

اس شو کے میزبان عبداللّٰہ سلطان اور ہما امیر شاہ نے فلم کی کاسٹ کے ساتھ کافی دلچسپ گفتگو کی۔

اسی دوران ماہرہ خان نے یہ انکشاف کیا کہ مجھے اس فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے کے لیے خود کو راضی کرنے میں کافی مشکل ہوئی کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ میں پنجابی نہیں بول سکوں گی۔
واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ مبینہ طور پر پاکستان کی اب تک کی سب سے زیادہ بجٹ والی فلم ہے۔

پاکستان میں اس شاندار فلم کو 138 زائد اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے تمام سنیما گھروں میں اس فلم کے شوز مسلسل چل رہے ہیں۔

بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو تقریباً 30 سے زائد ممالک میں ایک ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ سیاسی صورتحال کی وجہ سےاس فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا گیا۔

اس فلم کو توقعات کے مطابق قومی اور بین الاقوامی باکس آفس پر زبردست پزیرائی مل رہی ہے۔

ایکشن سے بھرپور پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘جس کا مداحوں کو انتہائی بے صبری سے انتظار تھا، باکس آفس پر غیر معمولی کمائی کر رہی ہے۔