لاہور : ڈینگی کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے پارکوں اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی اور ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے کئے

لاہور (جنرل رپورٹر)

ڈینگی کی روک تھام کیلئے پنجاب حکومت نے پارکوں اور عوامی مقامات پر آدھی آستین کی قمیضیں پہننے پر پابندی اور ایس او پیز کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے کئے ہیں۔
فیصلے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کئے گئے۔اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل، مانیٹرنگ، سرویلنس اوراعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا اورلاروا بر آمد ہونے پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی تجویز پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں عوامی آگاہی بڑھانے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے اور تعلیمی اداروں میں سیمینارز، زیر تعمیر عمارات پر بینرز آویزاں کرنے اور کمیونٹی موبلائزیشن تیز کرنے کے فیصلے بھی کئے گئے۔
گوجرانوالہ میں ڈینگی کیسز کے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر اختر ملک نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوفوری اقدامات کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کریں،ڈینگی پر قابو پانے کے حوالے سے اگلے 15روز انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیمیں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس تیز کریں اور ہاٹ سپاٹس پر فوگنگ اور لاروا کی تلفی سے متعلق رپورٹ روزانہ ڈیش بورڈ پر بھجوائی جائے۔
چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے ہدایت کی کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعائیت نہ برتی جائے اورہائی رسک اضلاع میں کریک ڈاؤن تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنا ہوگا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی ایکسپرٹ ٹیم نے راولپنڈی سمیت ہائی رسک اضلاع کے دورے کئے ہیں اورمائیکرو پلانز کا از سر نو جائزہ لیا ہے۔ رواں سال 5981 کنفرم ڈینگی کیسز اور آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 158افراد کو گرفتار اور 778مقدمات درج کئے گئے ہیں۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔