تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار اہم ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت کا زندگی ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی ادارے کا دورہ
کراچی ۔ 24 ستمبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور معیاری تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ یہ بات آج انہوں نے زندگی ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے ادارے خاتون پاکستان کراچی کا دورہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر معروف گلوکار اور زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے صوبائی وزیر کو ٹرسٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کے حوالے سے ٹرسٹ کی کاوشوں سے آگاہی دی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے ادارے کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف بھی کی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ فروغ تعلیم میں زندگی ٹرسٹ بہت ہی اچھا کام کررہا ہے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ تعلیم ہی ترقی کا واحد زینہ ہے۔ جدید اقوام میں کوئی بھی قوم تعلیم حاصل کئے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ زندگی ٹرسٹ کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرتا ہے ۔ اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے روح رواں شہزاد رائے نے کہا کہ وہ تعلیم کے فروغ میں حکومت سندھ کے تعاون کے شکر گزار ہیں ۔معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر ہی تعلیم کو فروغ دے سکتے ہیں۔