شعیب ملک کے ٹوئٹ پر ثقلین مشتاق نے کیا کہا؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا شعیب ملک کے ٹوئٹ پر ردعمل آ گیا۔

دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران شعیب ملک کے طنزیہ ٹوئٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ثقلین مشتاق نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ کی یاری دوستی ہر کسی کے ساتھ ہونی چاہیے یا دشمنی ہونی چاہیے؟

ثقلین مشتاق نے کہا کہ خالی دو یا چار پانچ قریبی لوگوں سے یاری دوستی نہیں ہونی چاہیے، میرا ماننا ہے کہ ہم زمین پر رہتے ہیں تو کرکٹ یا کسی اور ڈپارٹمنٹ میں یاری دوستی تو ہر کسی سے ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ کس قسم کا ٹوئٹ ہے اور میں اس کا کیا جواب دوں؟
واضح رہے کہ شعیب ملک نے پاکستان کی ایشیا کپ میں شکست کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم دوستی، پسند اور نا پسند کے کلچر سے کب باہر نکلیں گے؟ اللّٰہ ہمیشہ ایمانداروں کی مدد کرتا ہے۔

ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی 147 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی،محمد رضوان اور افتخار احمد کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔