قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن آمد ملکہ ایلزبتھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار

قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن آمد
ملکہ ایلزبتھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار ۔ تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے
ملکہ ایلزبتھ نے نہایت مدبرانہ انداز میں برطانیہ کی قیادت کی ۔ قائم مقام گورنرسندھ
کراچی
قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی ہفتہ کے روز برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن پہنچے جہا ں انہوں نے ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملکہ ایلزبتھ دوئم کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا اور ڈپٹی ہائی کمیشن میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ قائم مقام گورنرسندھ نے ڈپٹی ہائی کمشنر کے توسط سے شاہی خاندان سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ ایلزبتھ نے نہایت مدبرانہ انداز میں برطانیہ کی قیادت کی۔ ملکہ ایلزبتھ نے ہمیشہ پاکستان کے لئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ پاکستان خصوصا سندھ کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان کے عوام شاہی خاندان ، حکومت اور برطانوی عوام کے دکھ میں شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ ایلزبتھ دوم کا طویل دور حکمرانی اپنے فرض کی ادائیگی کے مضبوط احساس اور اپنی زندگی کو اپنے لوگوں کے لیے وقف کرنے کے عزم کے باعث یاد کیا جائے گا۔ قائم مقام گورنر نے مشید کہا کہ ملکہ ایلزبتھ نے کم عمری سے ہی انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے کئی برسوں کے تجربہ سے اپنی زندگی برطانوی عوام کے لئے وقف کی جس سے ان کی قوم کی نظروں میں شاہی خاندان کے لیے محبت پیدا ہوئی۔آغا سراج درانی نے کہا کہ ان کے کردار میں ایسی کئی چیزیں تھیں جو برطانوی شہری اپنے اندر دیکھتے ہیں جن میں عاجزی، کفایت شعاری، دانائی، احساس اور بہت زیادہ سلیقہ مندی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ ملکہ ایلزبتھ نے نہ صرف اپنے وطن بلکہ پسماندہ ممالک میں بھی اپنے وژن سے نمایاں مقام حاصل کیا یہی وجہ ہے کہ ان کی جدائی کا دکھ شدت کے ساتھ پسماندہ ممالک میں بھی محسوس کیا جارہا ہے بالخصوص پاکستان جہاں پر ملکہ برطانیہ نے دو مرتبہ دورہ کرکے اس قوم میں ترقی کی امیدیں جگائیں