محمد سجاد ایشین اور ورلڈ 6 ریڈز اسنوکر میں شرکت سے محروم

فنڈز کی کمی کی وجہ سے پاکستان نمبر ون محمد سجاد ایشین اور ورلڈ 6 ریڈز اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے، ان دونوں ایونٹس میں پاکستان کے صرف دو کھلاڑی سیلف فنانسنگ کی بنیاد پر حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے مطابق ایشین 6 ریڈز اسنوکر چیمپئن شپ 25 سے 28 ستمبر جبکہ ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ 26 ستمبر سے 9 اکتوبر تک ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔
ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی احسن رمضان اور بابر مسیح کریں گے۔ دونوں کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے اخراجات خود برداشت کریں گے۔

پی بی ایس اے نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ فنڈز ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو رقم واپس کردی جائے گی۔

قومی چیمپئن محمد سجاد اور حارث طاہر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔
پی بی ایس اے کے ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن پاکستان اسپورٹس بورڈ سے اب تک اپنی سالانہ گرانٹ کی منتظر ہے، پی بی ایس اے کو امریکا میں ہونے والے ورلڈ گیمز میں شرکت کے اخراجات بھی ادا نہیں کیے گئے۔

پی بی ایس اے کے پاس اپنے فنڈرز بھی نہیں کہ کھلاڑیوں کو ٹورز پر بھیجا جاسکے اس لیے سیلف فنانس کی بنیاد پر ایشین اور عالمی چیمپئن شپ میں پلیئرز شریک ہوں گے۔