سیلاب کی تباہ کاریوں پر کُل جماعتی کانفرنس طلب، پی ٹی آئی کو دعوت نہیں دی گئی اے پی سی میں پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی ) بلالی۔

سیلاب کی صورتحال پر بلائی گئی اے پی سی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دعوت نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں 14 جون سے اب تک ہونے والی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے اب تک 1،033 افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

اسی طرح سیلابی ریلوں سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل تباہ اور کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

وزیراعظم آج بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفرآباد کا دورہ کریں گے

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف آج بلوچستان میں ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کریں گے۔


وزیراعظم دورہ قطر سے واپسی کے بعد مسلسل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کررہے ہیں، شہباز شریف آج بھی بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر بریفنگ دیں گے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور سیلاب متاثرین کا احوال جاننے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے،اس موقع پر شہباز شریف میڈیا نمائندگان سے بھی گفتگو کریں گے۔
====================