جامشورو (پریس رلیز) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف بایو میڈیکل انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے کیمپس کے لطیف ہال میں وطن عزیز کے 75 ویں یوم آزادی کا ہفتہ منانے کے سلسلے میں ”آزادی تقریب“ کے زیر عنوان پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن نے کی۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے طلبہ و طالبات کی جانب سے ملک کی آزادی کیلئے کی گئی
جدوجہد کے حوالے سے تیار کی گئی ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی، بعد ازاں طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز پیش کرکے ملک کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے ملک کی آزادی اور آزادی نعمت کے زیر عنوان انگریزی، اردو و سندھی زبانوں میں تقاریر کرکے دل لبھا لیے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن نے ڈاکیومنٹری، ٹیبلوز اور طلبہ و طالبات کی تقاریر
کو بے حد سراہا اور ملک سے دلی لگاﺅ پر انہیں شاباس پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر 20 سے زائد طلبہ و طالبات کو تعریفی اسناد بھی دیں۔ انہوں نے نوجوان کو ان کی کارکردگی پر بھرپور داد تحسین دیتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف بایو میڈیکل انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات کی صلاحیتیں دیکھ کر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا ملک کی آزادی کے دن سمیت ہر اہم دن پر تقریبات منعقد کرنا اور اس میں طلبہ و طالبات کی شرکت دراصل تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جن کے ذریعے ان میں بہترین مہارتیں پیدا ہوتی ہیں۔
============================