ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے تعلیم وتحقیق پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ڈاکٹر خالد عراقی


جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے اتحاد،تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیراہوکر ہی ہم ایک عظیم فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔زندہ قوموں کے لئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے اور یہ ہی ایک زندہ قوم کی نشانی ہے کہ وہ اپنے یوم آزادی کو بھر پور جو ش وجذبے اور ولولہ انگیزی سے مناتی ہے۔پاکستان مشکل حالات سے گزررہاہے،اندرونی وبیرونی مسائل کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور معاشی چیلنجزسے نبردآزماہے،ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے ختم اور پاکستان کو مستحکم کرنے کے لئے اپنا اپنا کرداراداکرنا ہوگا۔زندہ قوموں کے لئے آزادی کا دن اہم ہوتا ہے،یہ آزادی مسلمانان برصغیر پاک وہند کی لاکھوں قربانیوں کا ثمرہے ہمیں اس کی قدر کرنا چاہیئے،باہمی خلفشار،تنازعات کو قومی جذبے سے افہام وتفہیم کے ساتھ حل کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت کے سامنے سبزہ زارپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کے بعد حمد ونعت پیش کی گئی،ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں تمام روئسائے کلیہ جات،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرعبدالوحید،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی، اساتذہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔


ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد صرف خطے کا نہیں بلکہ ایک آزاد مملکت کاحصول تھا جہاں برابری کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور اسلامی اصولوں کی بنیاد پر انسانی رابطے قائم ہوں۔ عساکر پاکستان اپنی لازوال قربانیوں سے عظمت اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کررہی ہے جس پر پوری قوم عساکر پاکستان کی سپاس گزار ہے۔ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے تعلیم وتحقیق پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنی ہوگی جب تک تدریس وتحقیق پر سرمایہ کاری ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہوگی ہم ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتے۔


ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ آزادی کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یادرکھنا چاہیئے،میں بہادر کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں جن کے حوصلے گذشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی جانب سے کشمیر میں جاری بدترین ریاستی دہشت گردی کے سامنے پست نہیں ہوئے بلکہ ان میں جذبہ آزادی اور تیزی سے پروان چڑھ رہاہے۔ آزادی کی اہمیت وقدروقیمت کا اندازہ کشمیراور فلسطین میں ہونے والی جدوجہد آزادی سے لگایاجاسکتا ہے کہ وہ آزادی کے لئے اپنے جگر کے ٹکڑوں کے نذارنے پیش کرتے کرتے نہیں تھکتے،اولاد کی جان کے نذرانے پیش کرنا آسان کام نہیں لیکن وہ اپنے آنے والی نسلوں کے لئے ایک آزاد وطن کے خواہشمند ہیں۔
==================================