یومِ آزادی یومِ تشکر ہے، شیخ الجامعہ این ای ڈی جامعہ این ای ڈی میں یوم آزادی پرپینل ڈسکشن میں مقررین کا اظہارِ خیال


جامعہ این ای ڈی کے یونی ورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹینس کے تحت”پاکستان کے 75برس۔۔۔اچیومنٹ، چیلنجزاور دی وے فارورڈ“ کے موضوع پرپینل ڈسکشن کا انعقاد نیشنل انکیوبیشن سینٹر(این آئی سی) میں کیا گیا،جس کی صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی جب کہ میزبانی کے فرائض ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد نے انجام دیئے. پینل میں


شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے اظہارِ خیال کیا جب کہ بیرسٹر شاہدہ جمیل اور معروف تجزیہ کار/ریکٹر ملینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ اونٹر پرنورشپ ڈاکٹر ہمانازبقائی نے آن لائن شرکت کی۔ تقریب کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسزپروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کا کہنا تھاکہ ہماری آزادی کے لیے لڑنے والے اور اس آزادی کو قایم رکھنے والے ہیروز کی قربانیاں اپنی مثل آپ ہیں۔اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ آزادی نعمت ہے جس کی جتنی قدر کی جائے کم ہے.


ّ شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی منانے کا مقصد آزادی کا شُکر ادا کرنا ہے، یعنی یہ یومِ آزادی یوم ِ تشکر ہے۔ اپنے بزرگوں سے سنا کہ شب کے بارہ بجے براڈکاسٹرظہور آذرنے انگریزی میں اعلان کیا کہ یہ پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس ہے، یہی الفاظ اُردو میں مصطفی ہمدانی نے دُہرائے تو قوم جھوم اٹھی۔ اتنی قربانیوں کے بعد رات کی سطح پر اس آواز کا ابھرنا، نوجوان! اس لمحے کو محسوس کریں۔ پروفیسر شعبہ بین الاقوامی تعلقات پروفیسر ڈاکٹرشائستہ تبسم کا کہنا تھاکہ ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کی دوراندیشی اور دوربینی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے شہری ہونے کے ناطے ہمیں ان اقدار اور اُصولوں پر غور کرنا چاہیے جو ہماری آزادی کے لیے لڑنے والوں کے قلوب و اذہان میں تھے۔تقریب کی آن لائن مقررہ بیرسٹر شاہدہ جمیل اور ڈاکٹر ہما بقائی کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی اور حکومتی قائدین کو سوچنا ہوگا کہ اگر ہم خودانحصاری کی جانب مائل ہوجائیں تو قدرت نے ہمیں مالا مال رکھا ہے۔ان وسائل کوبروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے۔ انہو‌ں نے بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا کہ ہم زندگی گزار چکے ہیں، اب آیندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دینا اس یوتھ کے ذمے ہے. تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔
=========================