گال ٹیسٹ کا تیسرا دن، کم روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کم روشنی کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل روک دیا گیا۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے ہیں، اسے 323 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے نیسم شاہ نے 2 جبکہ محمد نواز، آغا سلمان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، سری لنکا کو دوسری اننگز شروع کرنے سے پہلے ہی 147 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

گرین کیپ کی اننگز کو کچھ سہارا سلمان آغا نے دیا، جو 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی کی جانب سے امام الحق 32، محمد رضوان اور فواد عالم 24، 24 جبکہ کپتان بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی طرف سے رمیش مینڈس نے 5 اور پراباتھ جے سوریا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور دننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

چندی مل 80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔