ٹی 20 لیگز کی بھرمار، بھارتی بورڈ پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور

ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بھرمار نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کو بورڈ کی جانب سے دنیا بھر کی لیگز میں کھیلنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کو اس وقت ملکی لیگ کے علاوہ دنیا کی کسی لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں، بھارتی لیگز کی فرنچائز نے جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سرمایہ کاری کی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرنچائز نے بھارتی بورڈ پر کھلاڑیوں کو اجازت دینے کے لیے دباؤ ڈالا ہے، بھارتی بورڈ اب اپنے کھلاڑیوں کو دیگر لیگز کھیلنے کی اجازت دے سکتا ہے۔

میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھارتی بورڈ ستمبر میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں فیصلہ کرے گا، تینوں فارمیٹ کھیلنے والے بھارتی کرکٹرز کو دیگر لیگز کھیلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔