عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ نئے سرطان کے کیسز میں بڑی آنت کا سرطان تقریباً5فیصد ہے جو لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے اس مرض کی ابتدائ پیٹ درد سے شروع ہوتی ہے

لاہور( مدثر قدیر  )عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ نئے سرطان کے کیسز میں بڑی آنت کا سرطان تقریباً5فیصد ہے جو لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے اس مرض کی ابتدائ پیٹ درد سے شروع ہوتی ہے جس کے بعد یہ بڑھ کر آنتوں کی سوزش اور آخر میں کینسر کی شکل اختیار کرلیتی ہے ۔میڈیسن کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین نے

اس اہم مسئلہ پر اومیگا نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا بڑی آنت کی سوزش و سرطان میں اضافے کی بڑی وجوہات میں غیر معیاری و ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش، موٹاپا، مرغن غذائیں، تمباکو نوشی، الکوحل اور ورزش سے دوری ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے صدر ڈاکٹر طارق محمود میاں کا کہنا تھا ہر 20میں سے ایک فرد کو بڑی آنت کے کینسر کا


خدشہ لاحق ہے جبکہ پوری دنیا میں عورتوں کے مقابلے میں بڑی آنت کی سوزش اور سرطان کی بیماری مردوں میں زیادہ تعداد میں پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا خون کا اخراج، پاخانے کی رنگت بدل جانا، پیٹ میں شدید مروڑ، نظام ہاضمہ کی خرابی، بغیر کسی وجہ کے اچانک وزن کم ہونا، بھوک کا نہ لگنا، متلی ہونا، دائمی تھکاوٹ اور خون کی کمی بڑی آنت کے کینسر کی اہم علامات میں شامل ہیںجبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن اور جنرل سیکرٹری پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ڈاکٹرصومیہ اقتدار کا کہنا تھا بڑی آنت کے سرطان سے بچاؤ کیلئے سادہ غذا کا استعمال، سرخ گوشت کم سے کم لیا جائے اور چٹ پٹے کھانے اعتدال سے کھائیں تاکہ اس مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے انھوں نے مزید بتایا کہ 45سال سے زائد عمر کے افراد کو کولونو سکوپی، سگمائڈو سکوپی کروانا چاہئے کیونکہ کیمرے کے ذریعے ہونے والے اس ٹیسٹ سے بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ممکن ہے۔آنت کے سرطان جیسے اہم طبی مسئلہ پر بات کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا کہحکومت کو چاہئے کہ آگاہی مہمات کا آغاز کرے تاکہ ہر سطح تک یہ معلومات عام ہو سکیں کیونکہ بروقت تشخیص سے سرطان پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے اور سالانہ اموات کی شرح میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ میوہسپتال سمیت تمام بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں اس کینسر کی تشخیص، سکریننگ و علاج کیلئے جدید سہولیات مریضوں کے لیے بلامعاوضہ دستیاب ہیں مگر ہمیں روزمرہ زندگی میں تازہ پھل، سبزیاں زیادہ استعمال کرنا چاہئیںاور 30منٹ کی ورزش اور صحت مند غذا کے استعمال سے بڑی آنت کے کینسر سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔
==============================================================