لاہور( جنرل رپورٹر)فیکلٹی آف میڈیا اینڈ ماس کمیونی کیشن کے گیارہ سکالرز کو پی ایچ ڈی ڈگریوں سے نوازا گیا۔اس حوالے سے ایکسپو سنٹر لاہور میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے چوبیسویں کانووکیشن کا انعقاد کیاگیا۔ یوسی پی فیکلٹی آف میڈیا کے بی ایس آنرز، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے کل بہتر گریجویٹس کو ڈگریوں اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔ فیکلٹی آف میڈیا کی سینئر لیکچرار منیبہ فاطمہ زہرہ نے سال کی بہترین یونیورسٹی ٹیچر کا ایوارڈ اورطالبہ ایشا رضا نے یوسی پی کا رورل آف آنر اپنے نام کیا۔ بی ایس آنر میں نوال فیاض نے پہلی، عزیز مجد اور ایشارضا نے دوسری جبکہ نیہا خلیل خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایم ایس سی ماس کمیونی کیشن میں واجدہ رحیم نے پہلی، مناہل خواجہ نے دوسری جبکہ ماہم وحید نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایم فل میں ہاشم علی نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ کانووکیشن کے مہمان خصوصی معروف قانون دان احمر بلال صوفی، گیسٹ آف آنر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کالجز پروفیسر سہیل افضل، پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر نصر اکرام اور ڈین فیکلٹی آف میڈیا ڈاکٹر تیمور الحسن نے گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ کانووکیشن میں یوسی پی کے کل 643 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔
===================================
لاہور( جنرل رپورٹر )پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد نے صوبائی صدر محمد ارشد بٹ اور جنرل سیکریٹری رحمت سندھو کی قیادت میں سیکرٹری صحت علی جان سے ملاقات کی اور انہیں سیکرٹری صحت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر پنجاب میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد نے اپنے مطالبات اور مسائل کا ایجنڈا بھی پیش کیا۔ جس پر سیکرٹری صحت علی جان نے پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو باقاعدہ ملاقات کے لئے 30 جون کو دوبارہ بلا لیا ہے۔ سیکرٹری صحت علی جان نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ قراۃالعین کو معاملات کا جائزہ لے کر مطالبات حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد ارشد بٹ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری صحت کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ سیکرٹری صحت سرکاری ہسپتالوں کے ملازمین کے تمام مسائل اور مطالبات حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ملاقات کرنے والے وفد میں مہر اویس، اشرف، لیاقت مسیح، رفیق سہوترا، شاہد یونس، بابر گل، مرزا اعجاز، عثمان گجر، شیر افگن، فیصل جارج،تنویر بٹ، لالہ اسلم، رانا ابوبکر حافظ سجاد،محمد آصف خالد عمانوئیل و دیگر ملازمین شریک تھے۔
===========================================
لاہور( جنرل رپورٹر ) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نایب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ کے 14 اضلاع میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں ایک غیرمعمولی کامیابی ہمارے قائدین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ایک بہترین سیاسی حکمت عملی کی بدولت ہے،وہاں کی غیور اور باشعور عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پرامن، ترقی پسند اور خوش حال سندھ بنانے والی جماعت پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام نے جی ڈی اے،ایم کیو ایم اور تحریک انصاف سمیت چودہ پندرہ جماعتوں پر مشتمل پیپلز پارٹی مخالف اتحاد کو مسترد کرکے بلاول بھٹو زرداری کا انتخاب کیا ہے اور سندھ کی عوام نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،جس کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے ہم اس تاریخی کامیابی پر اپنے قائدین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ کامےابیوں کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔
===================================
لاہور( جنرل رپورٹر )صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اہم اجلاس جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرعاصم الطاف،چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ،ڈاکٹرمختاراعوان،ڈاکٹر شاہد حسین مگسی،پی آئی ٹی بی ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں کورونا،ڈینگی اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اورمتعلقہ افسران نے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کو کورونا،ڈینگی اور ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی اس موقع پر صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کاکہنا تھا کہ پنجاب میں کورونااور ڈینگی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹرکیاجارہاہےاورپنجاب میں کوروناوائرس کی ٹیسٹنگ میں اضافہ کردیاگیاہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو کوروناکے مریضوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہےاور ہم پنجاب کی عوام سے ویکسی نیشن مکمل کروانے کی اپیل کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کی یونین کونسلزمیں ڈینگی کی انسدادی کارروائیاں تیزکردی گئی ہیں جبکہ پنجاب کے تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرز ڈینگی کی انسدادی کارروائیو ں کومانیٹرکررہے ہیں۔
===================================
لاہور( جنرل رپورٹر ) پیپلز پارٹی پنجاب کے نایب صدر چودھری اختر نے کہا ہے کہ جس طرح سے سندھ کے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کا صفایا ہو گیا ہے تو ٹھیک اسی طرح سے اب پنجاب کے ضمنی الیکشنوں میں بھی پیپلز پارٹی کی حمایت کے ساتھ الیکشن لڑنے والے امیدوار کامیاب ہوں گے عمران خان کو اب ےہاں سے بھی ناکامی ملے گی اور پی ٹی آئی کو اب کہیں سے بھی کوئی سیٹ نہیں ملے گی اس کی شکست اس کی بدزبانی کی وجہ سے لکھی جا چکی ہے اور اس کا مستقبل اب اندھیروں میں ہی ر ہے گا ہم اپنے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آنے والے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور آئندہ ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے اور عوامی ووٹوں کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم بنیں گے۔
====================================
لاہور( جنر ل رپورٹر ) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ میں نے کہا تھا کہ عمران خان اس پاکستان کا سب سے بڑا احساف فراموش شخص ہے اور اس نے یہ بات ایک مرتبہ پھر اپنے عمل سے سچ ثابت کردی ہے یہ شخص لاہور تو گیا مگر اپنی پارٹی کے شہید کارکن کی طرف افسوس کے لیئے نہ گیا اور اس کے گھر والے اس کی راہ دیکھتے رہ گئے مگر اس نے اس کارکن کے گھر ان کو حوصلہ دینے کے لیے جانے کی بجائے ضمنی الیکشنوں کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ایک طرف یہ شخص قومی اسمبلی سے مستعفی ہوتا ہے تو دوسری جانب یہ ضمنی الیکشن لڑتا ہے یہ شخص تضادات کا مجموعہ بن چکا ہے اگر ضمنی الیکشن ہی لڑنے ہیں تو پھر مستعفی کیوں ہوتے ہو یہ بات اس کی جماعت کے لوگوں کو سوچنی ہو گی ،ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یہ بات بہت پہلے کہہ دی تھی کہ اب لاڈلے کی بدزبانی ہی اس کی ناکامی کا سب سے بڑا سبب بنے گی لاڈلے کو موقع ملا تھا مگر وہ ڈلیور نہ کر سکا اب لاڈلے کو موقع نہیں ملے گا۔
===============================================
لاہور( جنرل رپورٹر ) پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ کے صدر میاں منیر ہانس اور پیپلز پارٹی گلف و مڈل ایسٹ بزنس فورم کے نائب صدر سید تسلیم عباس نے کہا ہے کہ سندھ کے بلدےاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا کلین سویپ کرنا ایک نکتہ آغاز ہے اور آنے والے عام انتخابات میں اس بات کی روشن دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی اور ہمارے قائد آصف علی زرداری نے جو وعدہ کیا ہے کہ آنے والے الیکشنوں میں اب جیالوں کی ملک بھر میں حکومت بنے گی یہ اس کا بھی ایک نکتہ آغاز ہے پیپلز پارٹی کی کامےیوں کا سفر شروع ہو گیا ہے اب ہر روز اچھی ،اچھی خبریں جیالوں کو ملا کریں گی۔
===============================