لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام نامور سکالر اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ مرحوم کی برسی کے موقع پر ڈاکٹر مغیث الدین میموریل سیمینار بعنوان ” پاکستانی میڈیا کی مجبوریاں اور مفادات ” کا منعقد کیا گیا

لاہور( جنرل رپورٹر )لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام نامور سکالر اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر مغیث الدین شیخ مرحوم کی برسی کے موقع پر ڈاکٹر مغیث الدین میموریل سیمینار بعنوان ” پاکستانی میڈیا کی مجبوریاں اور مفادات ” کا منعقد کیا گیا جس میںلاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری ، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، سینئرصحافی ارشاد عارف،فاروق فیصل ، تاثیر مصطفی ،ڈاکٹر انجم ضیائ، علی طاہر مغیث ، محسن علی ترک، بلال احسن ناز، سلیم اختر مگھرانہ سمیت دیگر نے اظہار خیال کیا۔ صدر پریس کلب اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے معزز مہمانان اور شرکاءکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ ایک سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے، پاکستان بھرمیں صحافت کے شعبے میں ان کے شاگرد موجود ہیں ، انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز اس وقت مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، ایڈیٹوریل بورڈ ختم کر دیا گیا ہے ، میڈیا مالکان اور ان کے کارِخاص ہی اب ایڈیٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں،صحافیوں کا معاشی استحصال ہر دور میں رہا ہے ، اب نئی جنریشن کو آواز اٹھانا ہوگی۔ مقررین نے سیمینار سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے عمر بھر بے پناہ علم ، فیض اور خیر بانٹا، وہ حساس شخصیت کے مالک تھے،وہ شعبہ صحافت میں نئی جنریشن کےلئے مشعل راہ تھے انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات کی ترقی کیلئے بے مثال خدمات انجام دیں ، مقررین نے موجودہ دور میں شعبہ صحافت کی زبوں حالی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کی بحالی کیلئے اجتماعی آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے ، میڈیا مالکان کارکن صحافیوں کا استحصال کر رہے ہیں، کارکن جتنا بھی احتجاج کر لیں مگر میڈیا مالکان اپنے مفادات کی خاطر کارکنوں کی قربانیاں دیتے رہے ہیں ۔سیمینار کے اختتام پر صدرا عظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔
=========================