معروف ہالی ووڈ اداکار مائیکل جے فاکس کو فلموں میں بہترین اداکاری کرنے اور رعشے کی بیماری کے خلاف کوششوں پر اعزازی آسکر ایوارڈ دیا جائے گا۔
بدھ کو اعلان کیا گیا کہ رواں سال ہونے والے گورنرز ایوارڈز میں مائیکل جے فاکس، نغمہ نگار ڈائی این وارن، ہدایتکار پالسی اور پیٹر ویئر کو اعزازی آسکرز دیے جائیں گے۔
اکیڈمی آف موشن پکچرز کے بورڈ آف گورنرز نے سنیما اور دنیا کے لیے ان شخصیات کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعزازی آسکر کے لیے منتخب کیا ہے۔
مائیکل جے فاکس نے 2000 میں رعشے کی بیماری کے علاج کے لیے ایک فاؤنڈیشن بنائی تھی۔ 1991 میں انہیں خود بھی رعشہ تشخیص ہوا تھا۔
مائیکل جے فاکس نے ’’بیک ٹو دی فیوچر‘‘ سیریز کی تمام فلموں میں اداکاری کی ہے۔ وہ 5 ایمی ایوارڈ، 4 گولڈن گلوب ایوارڈ، ایک گریمی ایوارڈ اور دو اسکرین گلڈ ایوارڈز جیت چکے تھے لیکن انہیں کبھی بھی آسکر کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔
رواں سال 19 نومبر کو لاس اینجلس میں اکیڈمی گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں مائیکل جے فاکس کو اعزازی آسکر ایوارڈ دیا جائے گا۔