بالی ووڈ پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم ’ہیرا پھیری‘ کا تیسرا سیکیول بہت جلد آرہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کی پروڈکشن پر کام جاری ہے۔
پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے کہا کہ ’ہیرا پھیری 3‘ میں بھی اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول مرکزی کرداروں میں اپنی مزاحیہ اداکاری کے ساتھ نظر آئیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی کامیابیوں کو معمولی نہیں سمجھ سکتے۔ لہٰذا، ہمیں اپنے مواد، کہانی، اسکرین پلے، کرداروں، طرزِ عمل وغیرہ کے معاملے میں زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔
پروڈیوسر نے کہا کہ ہم جلد ہی ’ہیرا پھیری 3‘ کی ریلیز کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کی سُپر ہٹ کامیڈی فلم ’ہیرا پھیری‘ 2000ء میں ریلیز ہوئی تھی جس کے مرکزی کرداروں میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول شامل تھے۔
اس فلم کی ری میک 2006ء میں ’پھر ہیرا پھیری‘ کے عنوان سے بنائی گئی تھی، دونوں فلموں کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے اور اب مداح ’ہیرا پھیری 3‘ کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔