پاکستانی ٹرک پر ’سدھو موسے والا‘ کی تصویر بنا دی گئی

پاکستانی شخص نے بھارتی پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹرک پر گلوکار کی تصویر بنوالی۔

گزشتہ ماہ بھارتی پنجابی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو عرف سدھو موسے والا کے قتل نے ان کے لاکھوں مداحوں کو غم میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ آج بھی اپنے پیارے آئیکون کے کھو جانے کا غم منا رہے ہیں۔

مداح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گلوکار کو مختلف انداز میں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

اب ایک ویڈیو میں سدھو موسے والے کے تمام چاہنے والوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرلی ہے، یہ ویڈیو کلپ پاکستان سے ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک ٹرک کے پیچھے سدھو موسے والا کی بڑی سی تصویر بنی ہوئی ہے۔
ایک پاکستانی شخص، جوکہ شاید ٹرک کا ڈرائیور ہے اپنے ہاتھوں سے گلوکار کی تصویر کو صاف کررہا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایک شخص نے اپنی گاڑی کے پیچھے گلوکار سدھو موسے والے کا خاکہ بھی بنوایا۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب سدھو موسے والا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اُنہیں 30 گولیوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ 2 درجن سے زائد گولیاں اُن کے جسم سے نکالی گئیں۔