پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کراچی کے صدر سابق سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا ہے کہ حکومت ِ وقت نے ہر طبقہ فکر پر عرصہِ حیات تنگ کردیا ہے اور کراچی سے خیبر تک قوم حکومتی پالیسیوں پر سراپائے احتجاج ہے، ہم ملک و ملت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)،
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کراچی کے صدر سابق سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا ہے کہ حکومت ِ وقت نے ہر طبقہ فکر پر عرصہِ حیات تنگ کردیا ہے اور کراچی سے خیبر تک قوم حکومتی پالیسیوں پر سراپائے احتجاج ہے، ہم ملک و ملت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ مارچ فیصلے کا مہینہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی عدالتِ خلق میں سر خرو ہوگی اور بد عنوان حکمرانوں کی بساط لپٹ جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیداران اور کارکنان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے 27فروری کے لانگ مارچ کے حوالے سے ضلعی صدر کو اپنے سٹی ایریاز کی رپورٹس پیش کیں اور بریفنگ دی۔ سید مسرور احسن نے کارکنان کی کاوشوں کو لائقِ ستائش قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ تعالیٰ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنان کی جدوجہد رنگ لائیگی اور عوام 27فروری سے شروع ہونے والے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کرکے حکمرانوں کی رخصت کا بگل بجا دیں گے۔ سید مسرور احسن نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ شب و روز اپنی کاوشیں جاری رکھیں سندھ حکومت اور عوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں اور عوام دوست ہونے کا ثبوت دیں۔ ملاقات میں دیگر کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے سابق صدر سید سہیل عابدی، اظفر صدیقی،اسدشاہ، ظفر بابو، فیصل شیخ، نزاکت علی راج،محمد اشرف، اکبر عباس، جمیلہ پٹھان، زرین خان، سنجیدہ آغا، ظریف خان،عبدالصمد گبول، اسماعیل کھتری اور ضلعی صدر کے کوآرڈینیٹرز سجاد حیدراور افتخار رضوی بھی موجود تھے۔