اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طلباء کے وسیع تر مفاد میں انٹرمیڈیٹ کے ضمنی /خصوصی امتحانات کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں میں ایک بار پھر توسیع کا اعلان کردیا ہے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طلباء کے وسیع تر مفاد میں انٹرمیڈیٹ کے ضمنی /خصوصی امتحانات کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں میں ایک بار پھر توسیع کا اعلان کردیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس بشمول امپروومنٹ آف ڈویژن/گریڈ، بینیفٹ کیسز، ایڈیشنل سبجیکٹس، اسپیشل چانس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے طلبہ و طالبات اب اپنے امتحانی فارم بروز بدھ 2 فروری 2022ء تک بورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا ہے کہ امپروومنٹ آف ڈویژن کے خواہشمند طلبہ و طالبات کو خصوصی رعایت دیدی گئی ہے، اب امپروومنٹ آف ڈویژن کے طلباء انٹرمیڈیٹ حصہ اول اور حصہ دوم کا ایک پرچہ یا دو پرچے بھی دے سکتے ہیں جبکہ حصہ اول کے تمام پرچے یا حصہ دوم کے تمام پرچے بھی دے سکتے ہیں۔ ایسے تمام طلباء جو کسی ایک مضمون یا دو مضامین میں حصہ اول کا امتحان دیں گے ان کیلئے حصہ دوم کے اسی مضمون یا مضامین کا امتحان دینا ضروری ہوگا۔ طلبہ امتحانی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ناکام رہے والے امیدواروں سے حصہ اول یا حصہ دوم میں کسی ایک کا امتحان دینے پر 2100روپے اور حصہ اول و دوم باہم کے امتحانات کیلئے 3600روپے فیس وصول کی جائے گی جبکہ امپروومنٹ آف ڈویژن کے امتحانات دینے والوں کیلئے امتحانی فیس 6000 روپے رکھی گئی ہے۔ تمام طلبہ کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ امتحانی فارم جمع کروانے کیلئے بورڈآفس میں کسی غیرمتعلقہ شخص سے ہرگز رابطہ نہ کریں۔