چیف جسٹس آرٹس کونسل کراچی کے معاملات پر ازخود نوٹس لیں،دی آرٹس فورم

چیف جسٹس آرٹس کونسل کراچی کے معاملات پر ازخود نوٹس لیں،دی آرٹس فورم
سپریم کورٹ کے آرٹس کونسل کراچی کے حوالے سے ریمارکس خوش آئند ہیںجس نے موجودہ انتظامیہ کی حقیقت عیاں کردی ہے،نجم الدین شیخ،مبشرمیر
ادارے میں جمہوری اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ،نیب کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے ،جاوید منظر،نسیم شاہ
عدالت عظمیٰ کی جانب سے آرٹس کونسل کو آرٹ کے نام پر دھبہ قرار دینا اس کے موجودہ عہدیداروں کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہے ،قندیل جعفری،زیڈایچ خرم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دی آرٹس فورم کراچی کے صدر نجم الدین شیخ،سیکرٹری مبشرمیر، ڈاکٹر جاویدمنظر،سید عبدالباسط،زیڈ ایچ خرم، صباحت بخاری،قندیل جعفری،نسیم شاہ ایڈوکیٹ،ڈاکٹرعین الرضا،تحسیم الحق حقی،نعیم طاہر اور دیگر نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے آرٹس کونسل کراچی کے حوالے سے دیئے گئے ریمارکس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ آرٹس کونسل کراچی کے معاملات پر از خود نوٹس لیں ۔اپنے جاری بیان میں دی آرٹس فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرتے آئے ہیں اور اب ملک کی سب سے بڑی عدالت نے بھی آرٹس کونسل کراچی کی موجودہ انتظامیہ کی حقیقت عیاں کردی ہے ۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے آرٹس کونسل کو آرٹ کے نام پر دھبہ قرار دینا اس کے موجودہ عہدیداروں کے لیے کلنک کا ٹیکہ ہے ۔سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں یہ بھی کہا ہے کہ آرٹس کونسل کو کنکریٹ کا ڈبہ بنادیا گیا ہے ۔دی آرٹس فورم کے رہنماؤں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرٹس کونسل کراچی کے حوالے سے ریمارکس خوش آئند ہیں ۔آرٹس کونسل کراچی میں گزشتہ کئی سالوں سے خفیہ سازی کا عمل جاری ہے جس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ آرٹس کونسل کے سالانہ اجلاس عام کے فیصلوں پر بھی عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے،جس سے ادارے کی ساکھ بری طرح مجروح ہوئی ہے۔ آرٹس کونسل کراچی میں جمہوری اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ آرٹس کونسل میں آڈٹ کا سسٹم ختم کردیا گیا ہے ۔ایک فرد ادارے کو اپنی خواہشات کے تابع چلارہا ہے ۔جعلی ممبر سازی کے ذریعے آرٹس کونسل میں آمریت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔دی آرٹس فورم کے رہنماؤں نے کہاکہ ادارے میں ہونے والی مالی بے قاعدگیوں کے حوالے سے نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا لیکن تاحال اس کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آسکی ہے ۔ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آرٹس کونسل کراچی کے معاملات پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے شہر قائد کے اس ثقافتی مرکز کو تباہ ہونے سے بچائیں اور نیب حکام سے اب تک کی جانے والی تحقیقات کی رپورٹ طلب کرکے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں ۔ْ