بڑے صنعتی یونٹس میں ویکسینیشن مراکز قائم کئے جائیں گے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

صنعت کاروں کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران کے ساتھ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی کی میٹنگ

کراچی۔ 25 مئی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ایک قومی مقصد ہے۔ حکومت سندھ صنعت کاروں کے تعاون سے فیکٹری ورکرز کو ویکسینیشن کا عمل تیز کیا جائے گا۔ یہ بات آج صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیرِ صدارت صنعت کاروں کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میں کہی۔
اجلاس میں سیکریٹری انڈسٹریز ریاض الدین، صنعتی تنظیموں کے نمائندے سراج منوں، راجہ حسین، پرویز فہیم نور والا اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیکٹری ورکرز کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انڈسٹریل زونز میں ویکسینیشن کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے گا اور ہیلتھ اسٹاف میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے صنعت کاروں کے نمائندوں سے درخواست کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ فیکٹری ورکرز کی جلد از جلد ویکسینیشن کی جائے اور حیدرآباد کے فیکٹری ورکرز کے لئے سوشل سیکورٹی کے ہسپتال حیدرآباد میں بھی ویکسینیشن مرکز قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ جن فیکٹریز میں ہزاروں ورکرز ہیں وہاں ویکسینیشن مراکز قائم کئے جائیں گے جبکہ فیکٹری مالکان کے مسائل کے حل کئے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ ایک قومی مقصد ہے ۔ سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں نئے انڈسٹریل زونز کے قیام کی صنعت کاروں کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ کورونا وائرس سے متعلق ہر پندرہ دن کے بعد صنعت کاروں کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی۔