چائے درآمد کنندگان کیلئے انکم ٹیکس 2فیصد کیا جائے، محمد امان پراچہ

پاکستا ن ٹی ایسو سی ایشن نے (پی ٹی اے ) نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ چائے کے در آمد کنندگان کیلئے انکم ٹیکس در آمدی سطح پر2فیصد کیا جائے۔پاکستان ٹی ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین محمد امان پراچہ کی قیادت میں ایف بی آر حکام سے ملاقات کی ،ملاقات میں پی ٹی اے کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ در آمدی سطح پر انکم ٹیکس میںکمی سے تما م درآمد کنندگان اور تاجروں کو یکسا ں کاروبار کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور حکومت کے محصولات زر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چائے کو 21 شیڈول کے ٹیبل 2 میں کرنے سے مختلف طریقوں سے ٹیکس میں چھوٹ لینے والو ں کا بھی خاتمہ ہو جائیگا اور اس طرح حکومت کو ٹیکس ریفنڈ کی مد میں ایک خطیر رقم بھی نہیں دینا پڑے گی۔انہوں نے اعلی حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پاٹا، فاٹا اور دیگر علاقوں کے نام پر حاصل کی گئی مختلف ٹیکس سہولیات کو بھی نظر میں رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنا ئے کہ مندرجہ بالا علاقوں کے نام پر چائے وہاں جا بھی رہی ہے یا نہیں؟ اطلا عات یہ بھی ہیں کہ ان علاقوں کے نام پر درآمد ہونے والی چائے ملک کے مختلف شہروں میں فروخت ہو رہی ہے اور اس سے حکومت کا ایک کثیر محصول زر ضائع ہورہا ہے
https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/karachi/2021-05-18/page-9/detail-16