پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے ساتھی فنکارہ نادیہ خان کو ڈرامہ نگاروں پر بےجا تنقید کرنے پر اپنے ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں طنز کا نشانہ بنا دیا۔
نادیہ خان ان دنوں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بطور ناقد مختلف ڈراموں کو تنقیدی نگاہ سے دیکھتی اور اپنی رائے دیتی ہیں۔
ان کی رائے سے اکثر ڈرامہ انڈسٹری کی شخصیات اتفاق نہیں کرتیں، جس کی وجہ سے نادیہ خان کو اکثر تنقید کا بھی سامنا رہتا ہے۔
اب حال ہی میں مذکورہ پروگرام میں بشریٰ انصاری نے بطور مہمان جج شرکت کی، جہاں انہوں نے بھی مختلف ڈراموں اور اداکاروں کی پرفارمنس پر اپنی رائے دی۔
جیوری میں شامل بشریٰ انصاری نے نادیہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو ایک بات بتاؤں، یہ تمام رائٹرز گھنٹوں بیٹھ کر پوری توجہ اور محنت سے لکھتے ہیں، لیکن اگر آپ انہیں اس طرح اپنے انداز میں کہانی بتانا شروع کریں گی تو وہ اپنا فوکس کھو دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لکھنا ایک بہت مشکل کام ہے، وہ کہانیاں بنانے کے لیے خلوت اختیار کرتے ہیں۔ چاہے آپ انہیں 1 نمبر دیں یا 10، حقیقت یہ ہے کہ وہ بہت محنت کرتے ہیں۔
نادیہ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈرامے میں نیا پن نہیں ہے، لیکن پھر بھی میں اسے تھمز اپ دوں گی۔


























