جنوبی کوریا کے میدان گلابی رنگ میں رنگ گئے

بہار کے موسم میں ہر جانب سبزہ اُگ آتا ہے، ہری گھاس کو ہم سبزہ ہی کہتے ہیں لیکن اگر یہ گھاس سبز ہی نہ ہو بلکہ گلابی ہو، تب اسے کیا کہیں گے؟

یہ مشکل اپنی جگہ لیکن اس وقت جنوبی کوریا میں واقعی گھاس سبز نہیں بلکہ گلابی ہو گئی ہے، جنوبی کورین زمین پر جیسے خوب صورت بادل اُتر آئے ہیں، یہاں گلابی گھاس ستمبر سے نومبر کے درمیان اُگتی ہے، اور ہاتھوں میں کیمرے لیے سیاح دور دور سے کھنچے چلے آتے ہیں۔

اس گلابی گھاس کو Pink Muhly Grass کہتے ہیں، اور یہ پچھلے چند برسوں میں انتہائی مشہور قدرتی نظارہ بن چکا ہے، آئیے جانتے ہیں کہ یہ گلابی گھاس کیا ہے؟

یہ دراصل ایک سجاوٹی گھاس (ornamental grass) ہے جو امریکا کے جنوبی حصوں میں اُگا کرتی ہے، لیکن کوریا میں اسے بڑے پیمانے پر باغات، پارکوں اور سیاحتی مقامات پر کاشت کیا جاتا ہے۔

اس کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کے گلابی اور ہلکے جامنی رنگ کے نرم، بادل نما خوشے (plumes) ہیں جو روشنی پڑنے پر پورا منظر خواب ناک بنا دیتے ہیں۔

یہ گھاس بہار (اپریل تا جون) میں اگنا شروع کرتی ہے، اور اور اس کے رنگ بدلنے کا بھی ایک موسم ہے، ستمبر کے وسط سے نومبر کے شروع تک یہ اپنی مکمل گلابی یا ہلکی بنفشی رنگت اختیار کر لیتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جب پورے کوریا میں اس کے نظارے کے لیے لوگ پارکوں کا رُخ کرتے ہیں۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ گلابی گھاس کو بہار کے موسم سے زیادہ نرم اور خشک موسمِ خزاں سب سے زیادہ سازگار لگتا ہے، جنوبی کوریا میں اس کے لیے مشہور مقامات میں سئول، جھیل گیتچئون، جزیرہ جیجو شامل ہیں، سئول میں ہانُول پارک سب سے مشہور مقام ہے جہاں خزاں کے موسم میں گلابی گھاس کے سمندر جیسے مناظر نظر آتے ہیں۔

گلابی گھاس کو اگنے کے لیے معتدل دھوپ، ہلکی خشک مٹی اور نکاسیٔ آب والی زمین پسند ہے۔ زیادہ پانی یا مسلسل نمی سے اس کی جڑیں خراب ہو سکتی ہیں، اس لیے یہ گھاس نسبتاً بلندی والے خشک مقامات پر زیادہ پائی جاتی ہے۔ ایک بار لگانے کے بعد یہ کئی برس تک خود بخود اگتی رہتی ہے۔

اگر آپ سیاح ہیں اور جنوبی کوریا میں گلابی گھاس کا نظارہ دیکھنا چاہتے ہیں تو اسے دیکھنے کا بہترین وقت اکتوبر کے پہلے دو ہفتے ہیں۔