امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا شہر ہے ۔ 17سال سے مسلط پیپلز پارٹی کی حکومت اور ہر وفاقی حکومت نے بھی کراچی کو اس کا جائز حق نہیں دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت علی اکبر شاہ گوٹھ میں ممبرز کنونشنسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے امیر ضلع ملیر سید مفخر علی، سیکریٹری ضلع کامران نواز، ناظم علاقہ قاری ظفر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناء منعم ظفر خان جامعہ کراچی میں پوائنٹ کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والی طالبہ انیقہ سعید کے گھر گئے اور طالبہ کی والد احمد سعید و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت اور اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔منعم ظفر خان نے ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹینکر مافیا عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھا رہی ہے ۔سیوریج کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے ، جگہ جگہ گندے پانی کے تالاب بنے ہوئے ہیں، اور سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔پیپلز پارٹی صرف ووٹ لینے کے وقت عوام کے دروازے پر آتی ہے ، مگر الیکشن کے بعد عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیتی ہے ۔ سید مفخر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے علی اکبر شاہ گوٹھ میں عوامی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرے گی

=======
Courtesy roznama dunya news























