پنجاب میں اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کے فیصلے میں رد و بدل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے معمولی تبدیلی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے طلباء کے لیے اسکول 18 اگست سے کھلیں گے۔ اسی تاریخ سے او لیول، اے لیول اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسز بھی شروع ہوں گی۔ تاہم پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کے لیے تعلیمی سلسلہ یکم ستمبر سے بحال ہوگا۔ یہ فیصلہ سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی اداروں پر لاگو ہوگا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ یہ ترمیم ماہرینِ تعلیم سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام اسکول یکم ستمبر کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ شدید گرمی کے باعث چھٹیوں میں توسیع کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ اگرچہ اس فیصلے سے نصابی سلسلہ متاثر ہو گا، لیکن طلباء کی صحت و سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ گرمی کی شدت میں اسکول کھولنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے کھل چکے ہیں اور دیگر صوبوں میں بھی تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں، ایسے میں پنجاب کے بچوں کو تین ماہ تک تعلیم سے دور رکھنا ان کے حق میں نہیں۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ میٹرک کی کلاسز خاص طور پر متاثر ہوں گی، اس لیے صوبائی وزیر تعلیم سے تعطیلات میں توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔























