جیکب آباد کے بہادر پولیس والوں نے پیٹھ نہیں دکھائی، ایک نے شہادت قبول کی اور دیگر پولیس اہلکاروں نے دو ڈاکو پکڑ لیے ۔ ڈاکوؤں کے لیے جیکب آباد کی زمین تنگ ہونے لگی

جیکب آباد کے بہادر پولیس والوں نے پیٹھ نہیں دکھائی، ایک نے شہادت قبول کی اور دیگر پولیس اہلکاروں نے دو ڈاکو پکڑ لیے ۔ ڈاکوؤں کے لیے جیکب آباد کی زمین تنگ ہونے لگی

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں پولیس مقابلہ، شہید اہلکار کے قتل میں ملوث دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تھانہ مولاداد کی حدود ناوڑا روڈ کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد شہید اہلکار شاہنواز کھکرانی کے قتل میں ملوث دو ملزمان غلام سرور جکھرانی اور اعجاز گلوانی جکھرانی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے شہید اہلکار کا چھینا گیا سرکاری اسلحہ سمیت 3 کلاشنکوف برآمد کرلی ہے، پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کردی ہے، یاد رہے کہ یکم جولائی کو صدر تھانہ کی حدود بائی پاس پر قائم جمالی پولیس پکٹ نمبر 9 پر ڈاکوؤں نے حملہ کرکے ایک اہلکار شاہنواز کھکرانی کو شہید کردیا تھا جس کے الزام میں کاروائی کرکے مذکورہ دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس قبل بھی جیکب آباد پولیس نے صدر تھانہ کی حدود بائی پاس کے مقام پر کاروائی کرتے ہوئے شہید اہلکار کے قتل میں ملوث ایک ڈاکو نوکر جکھرانی کو مقابلے میں ہلاک کیا تھا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد کے قومی شاہراہ پر تیز رفتار مزدا کا رکشہ کو ٹکر، ایک بچے دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے آباد تھانہ کی حدود قومی شاہراہ پر تیز رفتار مزدا نے رکشہ کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں ایک بچے دو خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا، زخمیوں میں مسمات نظیراں، جمیلہ، عبدالرسول بہرانی، حبیب اللہ رند اور خان ڈنو مہر شامل ہیں، زخمیوں میں سے ایک زخمی خواتین نظیراں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کو لاڑکانہ کی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں پولیس امن بحال کرنے میں ناکام، چور محکمہ تعلیم کے کلرک کے گھر کا صفایا کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس امن و امان بحال کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، سول لائن تھانہ کی حدود چنہ محلہ میں نامعلوم چور محکمہ تعلیم کے کلرک تنویر احمد تھیم کے بند پڑے گھر میں داخل ہوکر کمروں کے دروازے توڑ کر گھر میں موجود طلائی زیور، کپڑے اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے، متاثرہ شخص تنویر احمد تھیم نے بتایا کہ چند روز قبل گھر لیا اورگھریلو سامان منتقل کرلیا تھا لیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہم شفٹ نہیں ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رات نامعلوم چور گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور کمروں کے دروازے توڑ کر گھر میں موجود 7 تولا سونا، کپڑے اور دیگر قیمتی سامان لے گئے ہیں، حدود کی پولیس کو اطلاع دی پولیس نے پہنچ کر روائتی انداز میں جگہ کا معائنہ کیا اور تفصیلات لی تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد پولیس کا وعدہ وفا نہ ہوا، ایک ماہ گزرنے کے باوجود مغوی بہرام کھوسو بازیاب نہ ہوسکا، ورثہ کا دوبارہ دھرنا دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے نواحی گاؤں پیارو کھوسو سے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے بہرام کھوسو کو پولیس تاحال بازیاب نہیں کرسکی ہے، مغوی کے ورثہ کی اپیل پر کھوسہ برادری اور مختلف تنظیموں کی جانب سے 4 جولائی کو جیکب آباد کے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا گیا تھا جہاں ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے پہنچ کر ورثہ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دو روز کی مہلت دی جائے مغوی کو بازیاب کرالیا جائے گا جس پر ورثہ نے احتجاجی دھرنا ختم کیا لیکن پولیس کی جانب سے مغوی کی بازیابی کا وعدہ وفا نہیں ہوا، ورثہ کی جانب سے مغوی کی عدم بازیابی کے خلاف دوبارہ دھرنا دینے اور مغوی کی بازیابی تک دھرنے کو جاری رکھنے پر غور کیاجارہا ہے، مغوی کے ورثہ کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے مغوی کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو قومی شاہراہ کو غیر معینہ مدت تک بند کردیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مغوی کو فلفور بازیاب کرایا جائے۔