علی ظفر بھی پاکستان کی تاریخی فتح کا جشن منانےسڑکوں پر نکل گئے

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر بھی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منانے کے لیے بہت سے من چلوں کی طرح سڑکوں پر نکل آئے۔

علی ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ علی ظفر ہلکی رفتار سےگاڑی چلاتے ہوئے سڑک پرموجود من چلے جو کہ ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں ان کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔
جبکہ علی ظفر کو گاڑی میں دیکھ کر کچھ لڑکوں نے رُک کر علی ظفر کی ویڈیو بھی بنائی اور ساتھ ہی گلوکار کا پی ایس ایل کے لیے گایا ہوا گانا ’ سیٹی بجے گی‘ بھی گنگنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔